جدہ: شہریوں کو جھانسا دے کر لُوٹنے والے پاکستانی اور دیگر غیر مُلکی گرفتار

39 ایشیائی تارکین لوگوں کو نقد انعام کا لالچ دے کر اُنہیں لُوٹنے میں مصروف تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 21 فروری 2019 11:31

جدہ: شہریوں کو جھانسا دے کر لُوٹنے والے پاکستانی اور دیگر غیر مُلکی ..
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21فروری 2019ء ) جدہ پولیس نے مالیاتی فراڈ میں ملوث متعدد ایشیائی تارکین کو گرفتار کر لیا ہے جن میں پاکستانی ملازمین بھی شامل ہیں۔ ان افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ درجنوں مقامی اور غیر مُلکی افراد کی جانب سے اطلاع مِلی تھی کہ نامعلوم افراد اُن سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے اُنہیں معروف ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے کیش پرائز نکلنے کے جھانسہ دے کر اُن سے رقوم اینٹھ رہے ہیں۔

ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے۔ جس پر پولیس نے پتا چلا کر مختلف مقامات سے جعلساز افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ جن میں چند پاکستانی بھی شامل ہیں۔ سعودی بینکوں کے ترجمان طلعت حافظ نے خبردار کیا کہ تمام اکاؤنٹ ہولڈرز کو یہ اطلاع دی جا چکی ہے کہ کسی بھی بینک کا کوئی اہلکار، کسی صورت بھی اُن سے ٹیلی فون پر اکاؤنٹ سے متعلق خفیہ معلومات طلب نہیں کرتا۔

(جاری ہے)

اس لیے عوام کو ایسے نوسربازروں سے ہوشیار رہنا چاہیے جو خود کو بینک کا نمائندہ بتا کر لوگوں سے اکاؤنٹ کا خفیہ پن کوڈ حاصل کرتے ہیں اور پھر اکاؤنٹ میں پڑی رقم نکال لیتے ہیں۔ یہ دھوکے باز واٹس ایپ پر رابطہ کر کے مختلف عنوانوں سے نجی کوائف اور کھاتے کی تفصیلات مانگتے ہیں، انہیں کسی بھی صورت اکاؤنٹ سے متعلق معلومات فراہم نہ کی جائیں۔

اگر کوئی شخص ان پر اعتبار کر کے اپنے نجی کوائف ظاہر کر دیتا ہے تو وہ دھوکا دہی کی صورت میں خود ہی ذمہ دار ہو گا اور متعلقہ بینک پر کوئی ذمہ داری عائد نہیں ہو گی۔ اکثر دھوکے باز بینک کے نام سے جعلی ایس ایم ایس بھیجتے ہیں جس میں لکھا ہوتا ہے کہ اے ٹی ایم کارڈ کی معلومات اپ ڈیٹ کروا لی جائیں ورنہ اے ٹی ایم سروس بلاک کر دی جائے گی۔ حالانکہ اگر کسی اکاؤنٹ ہولڈر نے اپنا ایڈریس درج نہ کروایا ہو تو بھی اس کا اکاؤنٹ نہ تو منجمد ہو گا، نہ منسوخ ہو گا اور نہ ہی بند کیا جائے گا۔