مکّہ: بس اور کار کے درمیان خوفناک تصادم ، پاکستانی جاں بحق

یہ جان لیوا حادثہ الزیمہ الجموم روڈ پر پیش آیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 21 فروری 2019 11:53

مکّہ: بس اور کار کے درمیان خوفناک تصادم ، پاکستانی جاں بحق
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21فروری 2019ء ) پولیس حکام نے بتایا ہے کہ مکّہ مکرمہ کی الجموم کمشنری میں ایک خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے ہیں۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والا بدنصیب شخص پاکستانی ہے جو روزگار کے سلسلے میں سعودی مملکت میں مقیم تھا۔ یہ حادثہ ایک گاڑی اور بس کے درمیان ٹکر کے نتیجے میں ہوا۔

زخمی ہونے والے 16 افراد میں سے 3 سعودی اور 8 غیر مُلکی بس میں سوار تھے، جبکہ باقی زخمی گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔ 911آپریشن سنٹر کے مطابق یہ حادثہ الزیمہ الجموم روڈ پر غیر مُسلموں کے لیے مخصوص سڑک پر پیش آیا۔ جس کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئیں۔ جہاں جا کر پتا چلا کہ ایک پاکستانی اس ہولناک حادثے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا ۔

(جاری ہے)

کچھ شدید زخمی ہوئے اور کچھ کو معمولی زخم آئے۔ زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دے کر مکّہ کے الششہ اسپتال اور النور اسپیشلسٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جہاں اُن کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ فروری کے دوران مملکت کے مختلف علاقوں میں رُونما ہونے والے حادثات کے باعث درجنوں افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں جبکہ سینکڑوں زخمی بھی ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ڈرائیونگ کے دوران دھیان بٹ جانا اور تیز رفتاری حادثات کی اہم وجوہات ہیں۔