پاکستانی نژاد امریکی شہری فیض شاکر کو امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے صدارتی مہم کا کمپین منیجر مقررکردیا

فیض شاکر 2020 کے الیکشن کیلئے کسی صدارتی امیدوار کے کمپین منیجر بننے والے پہلے مسلمان اور پہلے پاکستانی امریکن ہیں

جمعرات 21 فروری 2019 12:22

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2019ء) پاکستانی نژاد امریکی شہری اور انسانی حقوق کے کارکن فیض شاکر کو امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے اپنی صدارتی مہم کا کمپین منیجر مقررکردیا ہے۔فیض شاکر 2020 کے الیکشن کیلئے کسی صدارتی امیدوار کے کمپین منیجر بننے والے پہلے مسلمان اور پہلے پاکستانی امریکن ہیں۔ تارک وطن پاکستانی والدین کے گھر پیدا ہونے والے فیض شاکر امریکن سول لبرٹیز یونین کے سیاسی ڈائریکٹر کے طور پر کام کرتے رہے ہیں۔

ان کی یونین انسانی حقوق کے معاملات پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کافی ٹف ٹائم دیتی ہے، بالخصوص امیگریشن کے معاملات پر فیض شاکر کی تنظیم نے ٹرمپ کے خلاف بھرپور مزاحمت کی ہے۔فیض شاکر اس سے قبل ڈیموکریٹک سینیٹر ہیری ریڈ کے سینئر مشیرکے طور پر بھی کام کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ ٹرمپ کی سب سے بڑی مخالف نینسی پلوسی کے ساتھ بھی کام کرچکے ہیں۔ انہیں صدارتی مہم کا منیجر تعینات کیا جانا یقیناً امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کیلئے خوشی کا باعث بنے گا۔

خیال رہے کہ 2016 میں امریکہ کے صدارتی انتخابات کے پہلے ہی مرحلے میں برنی سینڈرز صدارتی دوڑ سے باہر ہوگئے تھے۔ وہ ڈیموکریٹک پارٹی کی نامزدگی کے خواہاں تھے لیکن آخری مقابلے میں ہیلری کلنٹن سے ہار گئے تھے۔ انہیں 46 فیصد ووٹ ملے تھے جبکہ ہیلری کلنٹن 54 فیصد حمایت کے ساتھ ٹرمپ کے مقابلے میں اتری تھیں۔