Live Updates

سلیکٹڈ وزیر اعظم خود اپنی حکومت کیلئے خود کش بمبار ہیں ،حکومت کو ان ہی سے خطرہ ہے‘خواجہ سلمان رفیق

آغا سراج درانی کی گرفتاری افسوسناک ،سیاسی جماعتوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہیں ‘میڈیا سے گفتگو

جمعرات 21 فروری 2019 13:40

سلیکٹڈ وزیر اعظم خود اپنی حکومت کیلئے خود کش بمبار ہیں ،حکومت کو ان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2019ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی و سابق صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم عمران خان خود اپنی حکومت کیلئے خود کش بمبار ہیں انکی حکومت کو ان ہی سے خطرہ ہے،سیاسی جماعتوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہیں جبکہ ملک میں معاشی اور معاشرتی عدم استحکام بڑھ رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پروڈکشن آرڈرز پر پنجاب اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اسپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی کی گرفتاری افسوسناک ہے،تمام تر ذمہ داری سلیکٹڈ وزیر اعظم عمران خان پر ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم ایف بی آر کی تقریب سے خطاب کررہے تھے جبکہ وہ خود ٹیکس ادا نہیں کرتے،کیا آپ اداروں کے نمائندہ ہیں،آپ اداروں سے ملے ہوئے ہیں،جب آپ خود ٹیکس ادا نہیں کرتے تو آپ لوگوں کی گرفتاریوں کی بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ایک میچور اسپیکر ہیں لہٰذا پروڈکشن آرڈرز جاری کردئیے جاتے ہیں مگر مرکز میں خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز پر کہا جاتا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے منہ کیا ہوا ہے۔سلمان رفیق نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تنائو بہت بڑھ چکا ہے جبکہ یہاں سیاسی جماعتوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہیں،ملک میں معاشی اور معاشرتی عدم استحکام بڑھ رہا ہے۔سلیکٹڈ وزیر اعظم عمران خان خود اپنی حکومت کیلئے خود کش بمبار ہیں انکی حکومت کو ان ہی سے خطرہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ باہر کے لوگ کسی شخص سے نہیں بلکہ ریاست پاکستان اور اسکی عوام سے محبت کرتے ہیں،سعودی ولی عہد پاکستان آئے تھے،آپ اپوزیشن کو بلاتے تو آپکی عزت میں اضافہ ہوتا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات