سعودی عرب نے بھارت میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا

دونوں ممالک کے درمیان 5 معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 فروری 2019 13:23

سعودی عرب نے بھارت میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 فروری 2019ء) : سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھارت کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بھارت میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بھارت کے دورے پر پہنچے جہاں انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر انہوں نے آئندہ 2 سال کے دوران بھارت میں 100 ارب ڈالر سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا جب کہ دونوں ممالک کے درمیان 5 معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے۔

سعودی عرب بھارت میں 5 شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا جس میں انفرا اسٹرکچر، ٹورازم، ہاؤسنگ، براڈکاسٹنگ اور انویسٹمنٹ شامل ہیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل سعودی ولی عہد نے پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کیا تھا جس کے دوران سعودی عرب نے پاکستان میں 20 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفود کی سطح پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے معاہدوں اور ایم اویوزپر دستخط بھی کیے گئے۔

ان شعبوں میں توانائی، بجلی ،صحت، کھیل ، سیاحت ،زراعت سمیت دیگر شعبے شامل ہیں۔سعودی عرب گوادر میں10ارب ڈالر کی آئل ریفائنری لگائے گا۔گوادر تیل سپلائی کرنے کا مرکز بنے گا۔آئل ریفائنری کے قیام سے پاکستان کو 7ارب ڈالر کی بچت ہوگی۔ یہی نہیں بلکہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے مستقبل میں پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کررہے ہیں، لیکن مستقبل میں سعودی عرب پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرے گا۔ واضح رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کو عالمی میڈیا نے بھی خوب کوریج دی تھی جبکہ دورہ پاکستان کے دوران سعودی ولی عہد کافی پُر مسرت بھی دکھائی دئے۔