میتھیو ہیڈن پی ایس ایل میں فاسٹ باﺅلنگ ٹیلنٹ سے متاثر

حارث رﺅف پاکستانی ٹیم کا ’خفیہ ہتھیار‘ ثابت ہوسکتے ہیں : سابق کینگرو اوپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 21 فروری 2019 14:11

میتھیو ہیڈن پی ایس ایل میں فاسٹ باﺅلنگ ٹیلنٹ سے متاثر
شارجہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21فروری 2019ء) آسٹریلیا کے سابق اوپنر میتھیو ہیڈن نے پاکستان سپر لیگ میں فاسٹ باﺅلنگ کے ٹیلنٹ پر خوشی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے خاص طور پر لاہور قلندرز کے حارث رﺅف کی تعریف کی ہے۔پی ایس ایل میچز کے کمنٹیٹرز میں شامل میتھیو ہیڈن راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ حارث رﺅف سے کافی متاثر دکھائی دیئے جنہوں نے کراچی کنگز کے خلاف میچ وننگ کارکردگی دکھاتے ہوئے 23 رنز دے کر 4 وکٹیں لی تھیں۔

ہیڈن کا کہنا ہے کہ وہ فاسٹ باﺅلنگ ٹیلنٹ سے خاص طور پر محظوظ ہوئے ہیں، حارث رﺅف جیسے ٹیلنٹ کا غیر روایتی ڈیولپمنٹ پروگرام کے ذریعے سامنے آنا اور پھر اعلیٰ سطح پر پرفارم کرنا حیران کن ہے۔حارث رﺅف کی صلاحیتیں ستمبر 2017ءمیں گوجرانوالہ میں ٹیلنٹ کیمپ کے دوران سامنے آئیں جس کے بعد وہ آسٹریلیا جانے والے لاہور کے ڈیولپمنٹ ٹور کا بھی حصہ بنے۔

(جاری ہے)

میتھیو ہیڈن کا مزید کہنا تھا کہ حارث رﺅف انٹر نیشنل کرکٹ میںپاکستان کے وہ باﺅلر ثابت ہوسکتے ہیں جن سے دیگر ٹیمیں خوفزدہ ہوں گی کیوں کہ یہ حقیقت ہے کہ پاکستان میں ایسے باﺅلر ز بھی موجود ہیں جنہیں عمومی طور پر مواقع نہیں ملتے تاہم پی ایس ایل نے انہیں اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا موقع دیا ہے۔آسٹریلیا کے لیے103ٹیسٹ،161ون ڈے اور9ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے والے47سالہ میتھیو ہیڈن کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کا اصل مقصد انٹر نیشنل کرکٹ کو پاکستان لانا ہے ، وہ اپنی کمٹمنٹس کی وجہ سے پاکستان نہیں جا رہے تاہم پی ایس ایل کا مقصدانٹر نیشنل کرکٹ کی واپسی ہونی چاہیئے۔