ہائیکورٹ نے شیخوپورہ سبزی و فروٹ منڈیوں کی شہر سے باہر منتقلی کا ٹائم فریم طلب کر لیا

جمعرات 21 فروری 2019 15:26

ہائیکورٹ نے شیخوپورہ سبزی و فروٹ منڈیوں کی شہر سے باہر منتقلی کا ٹائم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے شیخوپورہ سبزی و فروٹ منڈیوں کو شہر سے باہر منتقل نہ کرنے پر توہین عدالت کیس میں سیکریٹری زراعت، کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈی سی شیخوپورہ سے منڈیوں کی منتقلی کا ٹائم فریم طلب کر لیا۔جسٹس شمس محمود مرزا نے امجد طاہر کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ شیخوپورہ شہر میں دو سبزی و فروٹ منڈیاں قائم ہیں، انتظامیہ نے منڈیاں شہر سے باہر منتقل کرنے کیلئے بائی پاس پر نئی منڈی بنائی، نئی منڈی بن جانے کے باوجود منڈیوں کو شہر سے باہر منتقل نہیں کیا جا رہا ۔

عدالت نے بھی سیکریٹری زراعت اور کمشنر لاہور کو منڈیوں کی منتقلی کا حکم دیا مگر عدالت کے حکم پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا جو توہین عدالت ہے۔معزز عدالت سے استدعا ہے کہ سیکریٹری زراعت،کمشنر لاہور اور ڈی سی شیخوپورہ کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ۔فاضل عدالت نے سیکریٹری زراعت، کمشنر لاہور اور ڈی سی شیخوپورہ سے منڈیوں کی منتقلی کا ٹائم فریم طلب کر لیا۔