پلوامہ واقع کی آڑ میں کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں‘سردار جاوید ایوب

بھارتی قابض افواج کے ذریعے ظلم و بربریت کروا کر کشمیریوں کی پرامن آواز کو خاموش کرانے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے

جمعرات 21 فروری 2019 16:43

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ، سابق وزیر حکومت سردار جاوید ایوب نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بدترین بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقع کی آڑ میں کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں ۔

عالمی سطح پر کشمیریوں کو حمایت حاصل ہونے پر بھارت بدحواس ہوچکا ہے ۔ بھارتی قابض افواج کے ذریعے ظلم و بربریت کروا کر کشمیریوں کی پرامن آواز کو خاموش کرانے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے ۔ سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری انتقامی کارروائی کا شاخسانہ ہے ۔ پیپلز پارٹی کی ملک و جمہوریت کے لئے لازوال قربانیاں ہیں ۔

(جاری ہے)

حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں اور منفی کارروائیوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں ۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان دفاع اور سلامتی کے لئے سرگرم عمل ہیں ہمیں افواج پاکستان اور متعلقہ اداروں پر مکمل اعتماد ہے ۔ سیز فائر لائن کے قریب بسنے والے لوگ گزشتہ 15، بیس سال سے پہلے ہی حالت جنگ میں ہیں اور وہ ذہنی طور پر تیار ہیں ۔ بھارتی حکمران اپنے عوام کو سرجیکل سٹرائیک کے حوالے سے گمراہ کررہے ہیں ۔ اگر بھارت نے ایسی کوئی غلطی کی تو اسے سبق سکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ سرکاری سرپرستی میں جس طرح ہندوستان کے اندر زیر تعلیم طلباء اور وہاں صدیوں سے کاروبار کرنے والے تاجروں کو شدت پسند عسکری تنظیموں نے نشانہ بنایا ہے اس نے بھارت کے نام نہاد سیکولر ازم اور جمہوریت کو بے نقاب کرکے رکھ دیا ہے -