سارہ حسین نے’’ کھیلوں کے سنگ منشیات سے جنگ ‘‘مقابلہ مضمون نویسی جیت لیا

جمعرات 21 فروری 2019 17:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2019ء) وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ و انسداد منشیات شہریار خان آفریدی کی خواہش پر تعلیمی اداروں میں منشیات کی بڑھتی ہوئی لعنت اور منشیات کی تباہ کاریوں سے طالب علموں کو آگاہ کرنے اور تعلیمی داروں کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے مشن نارکوٹکس فری پاکستان کے بانی اور چیف آرگنائزر ملک کلیم احمد اعوان نے جنگی بنیادوں پر پروگراموںکا آغاز کردیاہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے وزیر مملکت شہریار خان آفریدی نے دورہ کراچی میں اپنی خواہش کا اظہار کلیم اعوان سے کیا تھا۔پروگرام کے پہلے حصہ کے سلسلے میں فارچون ہاؤس اسکول سسٹم گلشن اقبال کے سیکنڈری ، او لیول اور پرائمری کے طلباء طالبات کے درمیان مقابلہ مضمون نویسی ’’کھیلوں کے سنگ منشیات سے جنگ‘‘ کا شاندار انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمان خصوصی اسکول کے ڈائریکٹر غلام مصطفی تھے۔

1000سے زائد طلباء طالبات نے اس میں حصہ لیا جس میں 7-Aکی طالبہ سارہ حسین نے پہلی ، 6-Bکے میسم عباس نے دوسری اور 9thکلاس کی طالبہ عشبہ عامر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔پرائمری سیکشن میں 3-Aکے صائم معبود احمد نے پہلی ، 3-Bکی لائبہ علی نے دوسری اور 4-Cکے اعظم علی شاہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ججز کے فرائض میڈم صدف ، میڈم شہناز اختر ، میڈیم شہناز طارق اور ڈائریکٹر اسکول غلام مصطفی نے انجام دئے۔ آج فارچون ہاؤس اسکول سسٹم میں شاندار تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی اسکول ڈائریکٹر غلام مصطفی تھے جنہوں نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں وزیر مملکت شہریا رخان آفرید ی کی طر ف سے بیش قیمت گولڈن ٹرافیاں تقسیم کیں۔