بابر اعظم اپنی کاکردگی میں ویرات کوہلی جیسی مستقل مزاجی پیدا کرنے کے خواہاں

تینوں فارمیٹس میں پاکستان کےلئے بہترین کارکردگی پیش کرنا چاہتا ہوں، بابر اعظم

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 21 فروری 2019 16:53

بابر اعظم اپنی کاکردگی میں ویرات کوہلی جیسی مستقل مزاجی پیدا کرنے کے ..
شارجہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21فروری 2019ء) قومی ٹیم کے نوجوان بلے باز بابراعظم کا کہنا ہے کہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے ساتھ موازنہ کیے جانے پر فخر محسوس کرتا ہوں تاہم چاہتا ہوں کہ اتنی ہی مستقل مزاجی سے کھیلوں۔ایک انٹرویو میں نوجوان بیٹسمین بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی کے ساتھ موازنہ کیے جانے پر فخر محسوس کرتا ہوں لیکن ان کی کارکردگی میں تسلسل اور وہ ذہنی طور پر بہت مضبوط پلیئر ہیں، بھارتی کپتان جب بھی بیٹنگ کیلئے آئیں تو 100 فیصد پرفارمنس دینے کی کوشش کرتے ہیں تاہم میرے کیریئر کا ابھی آغاز ہے اور اسی لیے میں چاہتا ہوں کہ اتنی مستقل مزاجی سے کھیلوں کہ میری ہر پرفارمنس پاکستان ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرے۔

بابر اعظم نے کہا کہ بچپن میں ہی کرکٹ کا شوق پروان چڑھا، والد اور بڑے بھائی نے لگن کو دیکھتے ہوئے بھرپور حوصلہ افزائی کی، ٹیسٹ کرکٹرز کامران اکمل، عمر اکمل اور عدنان اکمل کے والد اور میرے چچا اکمل نے بھی نصیحت کی کہ اگر محنت کرو تو کرکٹ میں بڑا نام کماسکتے ہو، اپنی غلطیوں سے مسلسل سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں، سینئرز اظہر علی اور اسد شفیق سے مشورہ بھی کرتا ہوں، ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی خواہش ہے، طویل فارمیٹ میں مہارت، صبر اور فٹنس کا کڑا امتحان ہوتا ہے، تینوں فارمیٹس میں پاکستان کے لیے بہترین کارکردگی پیش کرنا چاہتا ہوں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ بابر اعظم کو ون ڈے کرکٹ میں ویرات کوہلی سے کم اننگز میں 1000اور2000رنز سکو ر کرنے کا اعزاز حاصل ہے جب کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں بھی انہوں نے محض26اننگز میں1000رنز مکمل کرکے ویرات کوہلی کا عالمی ریکارڈ توڑا تھا، بابر اعظم نے اپنے پہلے25ون ڈے میچز میں5سنچریاں بنائیں جب کہ کوہلی اتنے میچز میں محض2سنچریاں بنا سکے تھے۔