پاکستان اور سعودی عرب کے عوام ایک خاندان کی مانندہیں،مشکل گھڑی میں ہمیشہ سعودیہ نے ساتھ دیا، اسد قیصر

سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریگا،محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا اعلان تاریخی قدم ہے،سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کیساتھ ہونیوالے معاہدوں کے ملکی معیشت پرمثبت اثرات مرتب ہونگے، سپیکر قومی اسمبلی کی سعودی عرب میں پاکستانی سفیر سے گفتگو

جمعرات 21 فروری 2019 17:34

پاکستان اور سعودی عرب کے عوام ایک خاندان کی مانندہیں،مشکل گھڑی میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2019ء) سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام ایک خاندان کی مانندہیں،سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل گھڑی میں مہربان دوست بن کر پاکستان کا ساتھ دیا ہے،سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریگا،محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا اعلان تاریخی قدم ہے،سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کیساتھ ہونیوالے معاہدوں کے ملکی معیشت پرمثبت اثرات مرتب ہونگے۔

جمعرات کو سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر سے سعودی عرب میں تعینات پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز نے ملاقات کی۔ملاقات میں پاک سعودیہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل گھڑی میں مہربان دوست بن کر پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام ایک خاندان کی مانندہیں۔سپیکر اسد قیصر نے کہاکہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا حالیہ دورہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے حالیہ کامیاب دورہ پاکستان کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے۔اسد قیصر نے کہا کہ سعودی ولی عہد کی جانب سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا اعلان ایک تاریخی قدم ہے،سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے ساتھ ہونے والے معائدوں کے ملکی معیشت پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور عوامی سطح پر رابطوں سے ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو سفارتی سطح پر ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستان کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے اور سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری پر آمادہ کرنے میں پاکستانی سفارت خانے کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاک سعودی تعلقات کومستحکم بنانے میں پاکستان کے سفیر راجہ اعجاز کا کردار قابل ستائش ہے۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے کہا کہ سعودیہ کی حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانہ دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں بھر پور کردار ادا کر رہا ہے۔

پاکستانی سفیر راجہ اعجازنے سپیکر کو سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔راجہ علی اعجاز نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کاحالیہ دورہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانے نے اس اہم معاملے پر کام شروع کر دیا ہے اور متعلقہ سعودی حکام سے رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد کی جانب سے پاکستانی قیدیوں سے متعلق عنقریب قوم کو خوشخبری ملے گی۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے پارلیمان میں روابط فعال اور متحرک کرنے پر اتفاق کیا۔