Live Updates

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ سکول ایجوکیشن کے زیر اہتمام نئی تعلیمی پالیسی ’’دی نیو ڈیل 2018-23 ‘‘ کا اعلان کر دیا

’’ دی نیو ڈیل‘ ‘ کے تحت پرائمری تک قومی زبان اردومیں تعلیم دینے کا اعلان،انگریزی کو بطور مضمون پڑھایا جائیگا‘عثمان بزدار اقبالیات کو نصاب میں شامل کرنا تحریک انصاف کی حکومت کا اعزازہے، امتحانی نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے پر توجہ دی جائیگی ’’دی نیو ڈیل‘‘سے پنجاب میں تعلیمی انقلاب برپا ہوگا ،ان تمام اقدامات کوپایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے خصوصی کمیٹی بھی قائم کی جائیگی تمام اقدامات کوپایہ تکمیل تک پہنچانے کی نگرانی میں خود کروں گا‘وزیراعلیٰ پنجاب کا تقریب سے خطاب

جمعرات 21 فروری 2019 18:04

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ سکول ایجوکیشن کے زیر اہتمام نئی تعلیمی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے محکمہ سکول ایجوکیشن کے زیر اہتمام نئی تعلیمی پالیسی ’’دی نیو ڈیل 2018-23 ‘‘ کا اعلان کر دیاہے۔ اس ضمن میں 90شاہراہ قائداعظم پر ’’دی نیوڈیل2018-23‘‘کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان میں تعلیم ایسا شعبہ ہے جسے گزشتہ 7 دہائیوں سے وہ اہمیت نہیں دی گئی جس کا یہ شعبہ متقاضی ہے۔

تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق تعلیم کو مقدم سمجھتی ہے۔تعلیم ہی ایسا شعبہ ہے جس پر سرمایہ کاری کرکے ہم اپنی نئی نسل کو محفوظ اور روشن مستقبل دے سکتے ہیں،اب اس کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ پنجاب کے 2 کروڑ 80 لاکھ طلبہ کا مستقبل حکومت کی حکمت عملی سے وابستہ ہے۔

(جاری ہے)

سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیرانتظام 52 ہزارسرکاری سکولوں میں ایک کروڑ 20لاکھ بچے زیرتعلیم ہیں۔

ہم ان بچوں کیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنا کر ان کا مستقبل سنورانا چاہتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ قومی زبان ہی موثر ذریعہ ابلاغ ہوسکتی ہے اسی لئے ’’ دی نیو ڈیل‘ ‘ کے تحت پرائمری لیول تک قومی زبان اردومیں تعلیم دی جائے گی اور ’’ دی نیو ڈیل‘ ‘ کے تحت انگریزی کو بطور مضمون پڑھایا جائے گا۔اقبالیات کو نصاب میں شامل کرنا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا اعزازہے۔

مڈل لیول پر سائنس ٹیکنالوجی ،انجینئرنگ، آرٹس اورریاضی کے رجحانات متعارف کرائے جائیںگے اوریہ ایسے اقدامات ہیں جن کے مفید نتائج سامنے آئیںگے اوراسی طرح امتحانی نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے پر توجہ دی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ ’’انصاف آفٹرنون سکول‘‘کا پروگرام تحریک انصاف کا اختراعی منصوبہ ہے اور ’’انصاف آفٹرنون سکول‘‘ پروگرام کے ذریعے سکول سے باہر رہ جانے والے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جاسکے گا،اسی طرح انٹگریٹڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم بھی متعارف کرایا جارہا ہے ۔

انہوں نے مزید اعلان کیا کہ لازمی اورمفت تعلیم کیلئے خصوصی ایکٹ میں ضروری ترامیم کریںگے اورسکولوں میں صاف پانی ،جسمانی تربیت اورسپورٹس لازم ہوںگے۔ہر بچے کو مخلص اساتذہ کے ذریعے یکساں سہولتوں سے مزئین کلاس روم میسر ہو گااورہماری نئی پالیسی کے نفاذکے بعد ہر بچے کو اپنے پاکستانی ہونے پر فخر ہو گااور نئی پالیسی کے نفاذ کے بعد ہر طالب علم معاشرے میں مفید شہری کا کردار ادا کرسکے گا۔

ہم عملی اقدامات کے ذریعے نئی تعلیمی پالیسی کا نفاذکرنے جا رہے ہیں۔نئی تعلیمی پالیسی کے تحت ہر طالب علم کو رنگ و نسل، مسلک اور مذہب سے بالاتر ہو کر با علم حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔نئی تعلیمی پالیسی کے تحت ہر قسم کے صنفی امتیاز کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہو گی۔جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوںروجھان اور تونسہ سمیت پنجاب کے ہر دور دراز علاقے میں زیرتعلیم بچے کو وہی سہولتیں ملیں گی جو لاہور کے اچھے سرکاری سکول میں دستیاب ہیں۔

نئی تعلیمی پالیسی کے نفاذ کے بعدطبقاتی تعلیم کا خاتمہ ہو گا۔ ایلیٹ پرائیویٹ سکولوں، متوسط نجی سکولوں اور سرکاری سکولوں میں زیرتعلیم بچوں کے درمیان کوئی طبقاتی تفریق نظر نہیں آئے گا۔ بچوں کومعاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے قومی ثقافت اور نظریات کے مطابق تعلیم دی جائے گی تاکہ ہر طالبعلم کو اوائل ہی سے قومی اورسماجی ذمہ داریوں کا ادراک ہو۔

انہوںنے کہا کہ صرف طلبہ پر ہی نہیں اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے کے پروگرام لارہے ہیں۔ اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے کے پروگرام سے ٹیچر موثر ابلاغ کے ذریعے بہترین علم طلبہ تک منتقل کرسکیں گے کیونکہ اچھی قوم کیلئے ہمیں اچھے اساتذہ کی اشد ضرورت ہے ۔انہوںنے کہاکہ ’’دی نیو ڈیل‘‘سے پنجاب میں تعلیمی انقلاب برپا ہوگا ۔ پاکستان بھر میں نئی تعلیمی پالیسی متعارف کرانے کا اعزازسب سے پہلے پنجاب کو حاصل ہورہا ہے۔

ان تمام اقدامات کوپایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے خصوصی کمیٹی بھی قائم کی جائے گی۔ تمام اقدامات کوپایہ تکمیل تک پہنچانے نگرانی میں خود کروں گا۔صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن مراد راس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی سوچ کے ساتھ تعلیمی نظام میں اصلاحات لارہے ہیں ۔سابق دور میں تعلیمی شعبہ کے لئے ترجیحات درست نہیں تھیںاورنعرے لگائے جاتے تھے ،تاہم اب ہم نے درست سمت کا تعین کرلیا ہے اوراپنے بچوں کے روشن مستقبل کیلئے ہم سب کو ملکراپنا بھر پور کردارادا کرنا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا بھی شکرگزار ہوں جنہوں نے ہمیں مکمل آزادی دی ہے اور آج کا یہ پروگرام تعلیم کے شعبہ کو حقیقی معنوں میں نتیجہ خیز بنائے گا۔تقریب میں صوبائی وزراء ،اراکین اسمبلی،سیکرٹریز، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب،ماہرین تعلیم،اساتذہ اورطلبا و طالبات کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات