ڈویژن سطح پر تمام بازاروں سے تجاوزات ہٹائی جائیں،عبدالغفوربیگ

حالیہ بارشوں کے نقصانات کا جائزہ لیا جائے تاکہ صوبائی حکومت بروقت ازالہ کیلئے کوششوں کو بروئے کار لاسکے،کمشنرمردان

جمعرات 21 فروری 2019 18:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2019ء) کمشنر مردان ڈویژن عبد الغفور بیگ نے کہا ہے کہ ڈویژن سطح پر تمام بازاروں سے تجاوزات ہٹائی جائیں تاکہ عوام کو آمد و رفت میں آسانی پیدا ہوجائے۔انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کوہدایت کی کہ حالیہ بارشوں کے نقصانات کا جائزہ لیا جائے تاکہ صوبائی حکومت بروقت ازالہ کیلئے کوششوں کو بروئے کار لاسکے جبکہ بازاروں میں پرائس چیکنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو حکومت کے مقرر کردہ نرخ نامے کے مطابق اشیائے خوردو نوش مل سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں مختلف علاقوں اوربازاروں میں اچانک دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد عابد خان وزیر اور اسسٹنٹ کمشنر مردان اسد اللہ بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کمشنر مردان ڈویژن نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی ہدایت پر آج ضلع مردان میں حالیہ بارشوں سے ہونیوالے نقصانات کے بارے میں مختلف علاقوں اور مردان شہر میں مختلف بازاروں کا اچانک دورہ کیا۔

دورے کے دوران انہوں نے بینک روڈ ، پارہوتی اور مال روڈ کے فٹ پاتھوں پر غیر قانونی تجاوزات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ تجاوزات کو ہٹانے کا فوری طور پربندوبست کریں تاکہ عوام کو بازاروں میں آمد و رفت میں مشکلات نہ ہوں ۔علاوہ ازیں انہوں نے کئی قصائیوں کی دکانوں ، ہوٹلوں اورسبزی منڈی کا معائنہ بھی کیا اور وہاں ناقص صفائی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کو سختی سے ہدایت کی کہ تین دن کے اندر اندر مردان شہر کے بازاروں سے تجاوزات ہٹائی جائیں تاکہ شہر بھر میں ٹریفک آسانی سے رواں دواں ہوسکے اور صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران کو سختی سے یہ بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے آپ کو افسر شاہی سمجھنے کی بجائے عوام کے خادم سمجھیں ، اور گراں فروشی کے رجحان کو کچلنے کیلئے مارکیٹوں اور بازاروں کے باقاعدگی کیساتھ دورے کریں تاکہ عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔ کمشنر مردان نے انتظامیہ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے احکامات پر من وعن عمل کرتے ہوئے اپنی کارکردگی کو مزید موثر اور بہتر بنائیںتاکہ صوبائی حکومت کی پالیسیوں کو عملی جامہ پہنایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :