Live Updates

وزیرصحت شیخ زاید کالج و ہسپتال رحیم یار خان میں صفائی ستھرائی و مریضوں کو مہیا کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے اچانک پہنچ گئیں

شیخ زاید میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال رحیم یار خان کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام ربانی اور سی ای او ڈاکٹر مخدوم بشارت کی سخت سرزنش کی مریضوں کی شکایات کے ازالہ اور کارکردگی بہتر کرنے کیلئے آخری موقع دیا جا رہا ہے‘وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد

جمعرات 21 فروری 2019 19:20

وزیرصحت شیخ زاید کالج و ہسپتال رحیم یار خان میں صفائی ستھرائی و مریضوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2019ء) وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد شیخ زاید کالج و ہسپتال رحیم یار خان میں صفائی ستھرائی و مریضوں کو مہیا کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے اچانک پہنچ گئیں۔ڈاکٹر یاسمین راشدنے ایمرجنسی، لیبرروم، زنانہ و مردانہ وارڈز اور آپریشن تھیٹر کا دورہ کیا۔وزیر صحت نے شیخ زاید میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال رحیم یار خان کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام ربانی اور سی ای او ڈاکٹر مخدوم بشارت کی سخت سرزنش کی۔

انہوں نے کہاکہ مریضوں کی شکایات کے ازالہ اور کارکردگی بہتر کرنے کیلئے آخری موقع دیا جا رہا ہے۔ جنوبی پنجاب کے ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے ادویات کی بروقت فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے ہسپتال میں ادویات کی خرید و فراہمی کے حوالہ سے بھی اکیڈمک کونسل کے ممبران سے اہم ملاقات کی۔ مختلف وارڈز میں زیرعلاج خواتین و بچوں کی عیادت بھی کی۔

اس موقع پر وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں و لواحقین کے لئے بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ہی تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ہسپتالوں میں انتظامی امور میں بہتری، ڈاکٹروں کی حاضری اور مریضوں و لواحقین کے لئے بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ہنگامی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

ہیلتھ کارڈ کے اجراء سے ایسا طبقہ مستفید ہو گا جن کے لئے اپنے اہل و عیال کے علاج معالجہ کے لئے اچھے ہسپتال خواب بن کر رہ گئے ہیں۔ حکومت پنجاب ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی کو دور کرنے کے لئے ہنگامی طور پر ڈاکٹرز کی بھرتی کر رہی ہے اور ہمارا ٹارگٹ لوگوں کو مہنگے پرائیویٹ ہسپتالوں سے سرکاری ہسپتالوں میں لانا ہے جس کے لئے سرکاری ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات