نیشنل ٹینس ماسٹر کپ میں کامیابی ، خیبرپختونخوا کھلاڑیوں کا پشاور پہنچنے پر پرتپاک استقبال

جمعرات 21 فروری 2019 19:24

نیشنل ٹینس ماسٹر کپ میں کامیابی ، خیبرپختونخوا کھلاڑیوں کا پشاور پہنچنے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2019ء) نیشنل ٹینس ماسٹر کپ لاہور میں خیبر پختونخوا کی ٹیبل ٹینس ٹیم نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کیا ‘ سیمی فائنل میں خیبر پختونخوا کی ٹیم نے واپڈا کی ٹیم کو سیمی فائنل میں 3-1 سے شکست دے کرنئی تاریخ رقم کی ہے ‘گزشتہ روز ٹیم کا پشاور قیوم سپورٹس کمپلیکس پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا ‘ٹیم میں پشاور کے فہد خواجہ ‘شاہ خان‘ شرجیل اکرام‘باسط علی اور شایان فاروق شامل تھے ‘ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی شاہ محمد خان ‘ڈائریکٹر یوتھ اسفندیار خٹک ‘ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس عزیز اللہ خان ‘ایڈمنسٹریٹر عبدالولی خان سپورٹس کمپلیکس چارسدہ سلیم رضا‘اکائونٹ آفیسر شکیل احمد‘ڈپٹی ڈائریکٹر اکائونٹس طارق خان‘ صوبائی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری کفایت اللہ خان ‘نادرخواجہ ‘سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر اعجاز احمد سمیت د یگر شخصیات موجود تھیں‘کھلاڑیوں کو ہار پہنائے گئے ‘پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ڈھول کی تھاپ پر نوجوانوں اور کھلاڑیوں نے رقص کیا ‘اس موقع پر اپنے خطاب میں ایم پی اے شاہ محمد خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل سے ہمارا سرفخر سے بلند کردیا ہے امید ہے کہ آنے والے نیشنل اور انٹرنیشنل مقابلوں میں یہی کھلاڑی پوری دنیا میں سبز ہلالی پرچم بلند کرتے رہیں گے اور ملک و قوم کے لئے مزید اعزازات لائیں گے انہوں نے کہا کہ حکومت کھیلوں کے فروغ و ترقی کے لئے کوشاں ہیں اور آئندہ بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہے گا اور انہیں بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات جاری رہیںگے۔