بھارت نے شوٹنگ ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی شوٹرز کو ویزا دینے سے انکار کردیا

عالمی گورننگ باڈی نے انکار پر بھارت پر پابندی لگانے کا عندیہ دے دیا ،2 پاکستانی شوٹرز جی ایم بشیر اور خلیل احمد اور ان کے منیجرز کو ایونٹ میں شرکت کرنا تھی

جمعرات 21 فروری 2019 19:35

بھارت نے شوٹنگ ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی شوٹرز کو ویزا دینے سے انکار کردیا
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2019ء) پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی شوٹرز کو ویزا دینے سے انکار کردیا جس پر کھیل کی عالمی گورننگ باڈی نے بھارت پر پابندی لگانے کا عندیہ دے دیا۔2 پاکستانی شوٹرز جی ایم بشیر اور خلیل احمد اور ان کے منیجرز کو ایونٹ میں شرکت کرنا تھی لیکن وہ گزشتہ روز ایونٹ کی رسمی کارروائیوں کے لیے بھارت نہیں پہنچے۔

انٹرنیشنل شوٹنگ اسپورٹس فیڈریشن نے بھارت کو اس اقدام کے خطرناک نتائج سے آگاہ کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت میں ہونے والے شوٹنگ ورلڈ کپ کی صورتحال فوری توجہ کی متقاضی ہے جہاں ایونٹ میں شرکت کے لیے پاکستانی ایتھلیٹس کو انٹری ویزا جاری نہیں کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ فیڈریشن اور انڈین انتظامی کمیٹی پاکستانی ٹیم کو امتیازی سلوک سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کھیل کی عالمی گورننگ باڈی نے کہا کہ ہم نے بھارت کو آگاہ کردیا ہے کہ اگر انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کو ایونٹ میں شرکت سے محروم کیا تو انہیں اس کے خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور مستقبل میں انہیں عالمی مقابلوں کی میزبانی نہیں دی جائے گی۔بھارت نے 2032 اولمپکس اور 2030 ایشین گیمز کی میزبانی میں انتہائی دلچسپی ظاہر کی ہے تاہم اگر وہ شوٹنگ ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو شرکت سے روکتے ہیں تو انہیں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔اس ایونٹ میں 58 ملکوں سے 500 سے زائد شوٹرز حصہ لے رہے ہیں اور یہ 2020 ٹوکیو اولمپکس کا کوالیفائنگ رانڈ ہے۔

متعلقہ عنوان :