کے پی حکومت نے شندور پولو فیسٹیول کی تیاریاں شروع کردیں

منفرد ایونٹ میں پاکستان کے ساتھ ساتھ چین ، تاجکستان اور افغانستان سے بھی پولو کے کھلاڑیوں کو مدعو کرنے کیلئے لائحہ عمل تیار، سینئر وزیر عاطف خامن کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ

جمعرات 21 فروری 2019 19:35

کے پی حکومت نے شندور پولو فیسٹیول کی تیاریاں شروع کردیں
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2019ء) خیبر پختونخواہ حکومت نے دنیا کے بلند ترین مقام پر منعقد ہونے والے شندور پولو فیسٹیول کی تیاریاں شروع کردیں، لواری ٹنل کو مسلسل کھلا رکھا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق کے پی حکومت کے سینئر وزیر عاطف خامن نے فیسٹیول کی تیاریوں کے لیے تشکیل دی جانے والی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں طے کیا گیا کہ اس منفرد ایونٹ میں پاکستان کے ساتھ ساتھ چین ، تاجکستان اور افغانستان سے بھی پولو کے کھلاڑیوں کو مدعو کرنے کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر وزیر عاطف خان کا کہنا تھا کہ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کوراغب کرنے کیلیے نمایاں اقدامات کرنیکافیصلہ کیا گیا ہے، پی آئی اے سے فیسٹیول کے دنوں میں چترال کے لیے روزانہ ایک پرواز چلانے کے لیے بات کی جائے گی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ چترال تک بائی روڈ آنے والے سیاحوں کی آمد و رفت یقینی بنانے کے لیے لواری ٹنل کو کھلا رکھا جائے گا۔شندور پولو فیسٹیول گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے ضلع چترال کا مشترکہ میلہ ہے جو ہر سال جولائی میں منایا جاتا ہے۔ یہ میلہ دنیا کے بلند ترین پولو گراونڈ شندور میں منایا جاتا ہے۔ اس میلے میں چترال اور غذر گلگت بلتستان سے پولو کے مایہ ناز کھلاڑی شرکت کرتے ہیں۔