چیئرمین سینیٹ سے پولینڈ کے سفیر کی ملاقات ،باہمی تعاون اور رابطوں کے فروغ پر اتفاق

پولینڈ کے ساتھ دوطرفہ تجارتی ، دفاعی ، سماجی اور پارلیمانی رابطوں کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں، صادق سنجرانی

جمعرات 21 فروری 2019 20:48

چیئرمین سینیٹ سے پولینڈ کے سفیر کی ملاقات ،باہمی تعاون اور رابطوں کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2019ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پاکستان اور پولینڈ کے درمیان پارلیمانی شعبوں سمیت کثیر الجہتی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ دوطرفہ تجارتی ، دفاعی ، سماجی اور پارلیمانی رابطوں کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے ان خیالات کا اظہار پارلیمنٹ ہائوس میں پولینڈ کے سفیر پیوٹر اے اوپلینسکی سے ملاقات کے دوران کیا ۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ چیئرمین سینیٹ نے پولینڈ کے سفیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ملکوں میں باہمی رابطوں کو بڑھانے کیلئے وسیع گنجائش موجود ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان اور پولینڈ کے درمیان بین الاقوامی فورمز پر تعاون کو تسلی بخش قرار دیا اور کہا کہ پولینڈ اور پاکستان کی پارلیمانوں میں موجود دوستی گروپوں کے ذریعے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے ۔

صادق سنجرانی نے تعلیم کے شعبے میں بھی رابطہ کاری کو مفید قرار دیتے ہوئے تجویز دی کہ پاکستانی طلباء کیلئے اور خاص طور پر بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلباء کو سکالر شپس کے ذریعے پولینڈ کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پیشہ وارانہ تعلیم کے حصول کے مواقع فراہم کیے جائیں ۔پولینڈ کے سفیر نے کہا کہ پولینڈ کان کنی ، معدنیات اور دفاع کے شعبوں میںتعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے اور پاکستان کے ساتھ دوستی کی اپنی ایک تاریخ ہے ۔

انہوں نے چیئرمین سینیٹ کو تیل و گیس کے شعبوں میں کام کرنے والی کمپنیوں کے بارے میں بھی بتایا اور کہا کہ توانائی کے شعبے میں تعاون کیلئے وسیع گنجائش ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان میں حالات تبدیل ہو چکے ہیں اور سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ماحول موجود ہے جس سے پولینڈ کے سرمایہ کار فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں ۔چیئرمین سینیٹ نے پولینڈ کی حکومت ، عوام اور پارلیمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے تعاون کو وسعت دینے اور باہمی تعاون کو بڑھانے کیلئے کوششیں کریں گے ۔