مریم نواز کی اسپتال آمد ،سیکیورٹی ٹیم کی جانب سے مریضوں کے لواحقین کے ساتھ بدتمیزی

مریم نواز کے سامنے انکے سیکیورٹی اہلکاروں نے خاتون کو دھکے دے کر لفٹ سے نکال دیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 21 فروری 2019 19:28

مریم نواز کی اسپتال آمد ،سیکیورٹی ٹیم کی جانب سے مریضوں کے لواحقین ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 فروری 2019ء) مسلم لیگ نواز کی رہنما مریم نواز کی جناح اسپتال آمد کے موقع پر مریم نواز کے سامنے انکے سیکیورٹی اہلکاروں نے خاتون کو دھکے دے کر لفٹ سے نکال دیا۔مریم نواز نے سیکیورٹی اہلکاروں کو روکنا تک گوارا نہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق جناح ہسپتال میں زیر علاج سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کا معمول کا چیک اپ کیا گیا تاہم میڈیکل بورڈ کی سفارشات کے مطابق علاج معالجہ شروع نہ کیا جا سکا ،نواز شریف کی اینجیو گرافی کہاں سے کرانی ہے اس کا فیصلہ طبی بنیادوں پر ضمانت کیلئے دائر درخواست کا فیصلہ آنے پر کیا جائے گا ۔

شہباز شریف اور مریم نواز نے گزشتہ روز بھی جناح ہسپتال میں نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کی عیادت کی اوران سے علاج کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز بھی میڈیکل بورڈ کی جانب سے نواز شریف کا معمول کا چیک اپ کیا جس میں ان کا بلڈ پریشر اور شوگر چیک کی گئی تاہم میڈیکل بورڈ کی جانب سے بھجوائی گئی سفارشات کے مطابق علاج معالجہ شروع نہیں ہو سکا ۔

میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی انجیو گرافی تجویز کی ہے تاہم ذرائع کے مطابق نواز شریف کی اینجیو گرافی کہاں سے کرانی ہے اس حوالے سے شریف خاندان کی مرضی سامنے آنے کا انتظار کیا جارہا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف خاندان نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست کا فیصلہ آنے پر فیصلہ کرے گا کہ ان کی اینجیو گرافی کہاں سے کرائی جائے ۔

ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے بھی گزشتہ روز ہسپتال کا دورہ کر کے نواز شریف اور شریف خاندان کے افراد سے ملاقات کی ۔ڈاکٹر عدنان نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی اینجیو گرافی کہاں سے ہو گی یہ فیصلہ ان کے خاندان نے کرنا ہے ۔گزشتہ روز کی خبر کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے نواز شریف کی اینجیو گرافی کروائی جائے گی جس پر شریف خاندان نے نیم رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔

اینجیو گرافی کے لیے نواز شریف کو لاہور سے راولپنڈی منتقل کیا جائے گا جہاں انکی اینجیو گرافی کی جائے گی۔آج مریم نواز اور نواز شریف کی والدہ شمیم اختر نے جناح اسپتال میں نواز شریف کی عیادت کی۔اس موقع پر مریم نواز جب اسپتال پہنچیں تو انکے گارڈز کی جانب سے جناح اسپتال میں موجود مریضوں کے لواحقین سے بدتمیزی کی گئی ۔
اس موقع پر مریم نواز کو لفٹ میں جگہ دلوانے کے لیے وہاں پہلے سے موجود افراد کو لفٹ سے باہر نکال دیا گیا یہاںتک کہ لفٹ میں موجود ایک خاتون کو دھکے دے کر باہر نکال دیا گیا جبکہ مریم نواز یہ تمام مناظر دیکھتی رہیں اور انکی جانب سے گارڈز کو کسی قسم کی کوئی ہدایت نہیں کی گئی۔