اماراتی حکومت نے بنا چپ والے شناختی کارڈ کے حامل پاکستانیوں کیلئے ویزوں کے اجرا پر پابندی عائد کردی

آئندہ سے صرف چپ والے اسمارٹ شناختی کارڈ کے حامل پاکستانیوں کو ہی ویزے جاری کیے جائیں گے، عام شناختی کارڈ پر ویزے کی درخواست مسترد کر دی جائے گی

muhammad ali محمد علی جمعرات 21 فروری 2019 19:45

اماراتی حکومت نے بنا چپ والے شناختی کارڈ کے حامل پاکستانیوں کیلئے ویزوں ..
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 فروری2019ء) اماراتی حکومت نے بنا چپ والے شناختی کارڈ کے حامل پاکستانیوں کیلئے ویزے کے اجرا پر پابندی عائد کردی، آئندہ سے صرف چپ والے اسمارٹ شناختی کارڈ کے حامل پاکستانیوں کو ہی ویزے جاری کیے جائیں گے، عام شناختی کارڈ پر ویزے کی درخواست مسترد کر دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ویزوں کے اجراء کی پالیسی مزید سخت کر دی ہے۔

اماراتی حکومت نے خاص کر پاکستانیوں کیلئے ویزوں کے اجراء کیلئے ایک نئی شرط عائد کردی ہے۔ متحدہ عرب امارات کی سب سے بڑی ٹریول کمپنی پولانی کی جانب سے پاکستانی شہریوں کیلئے خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے۔

پیغام میں پاکستانی، ایرانی، افغانی اور عراقی شہریوں کو تلقین کی گئی ہے کہ وہ آئندہ سے اماراتی ویزے کے حصول کیلئے دی جانے والی درخواست کے ساتھ چپ والے اسمارٹ شناختی کارڈ پیش کریں۔

(جاری ہے)

اماراتی ویزے کے حصول کیلئے اگر کوئی شخص بنا چپ والا شناختی کارڈ درخواست کے ساتھ پیش کرتا ہے، تو اس صورت میں اس کی درخواست مسترد کردی جائے گی۔ اس لیے لازم ہے کہ اماراتی ویزے کے حصول کے خواہش مند افراد جلد سے جلد چپ والا اسمارٹ شناختی کارڈ حاصل کر لیں۔ بصورت دیگر وہ اماراتی ویزہ حاصل نہیں کر پائیں گے۔ یہاں یہ بات واضح رہے کہ پاکستان میں نادرا کی جانب سے اب تمام شہریوں کو چپ والا سمارٹ شناختی کارڈ ہی جاری کیا جاتا ہے۔ تاہم کچھ برس قبل شناختی کارڈ بنوانے والے افراد کے پاس اب بھی بنا چپ والے شناختی کارڈ موجود ہیں۔ تاہم اب ان شہریوں کو تلقین کی جا رہی ہے کہ وہ جلد سے جلد چپ والا شناختی کارڈ حاصل کر لیں۔