بنگلہ دیش: کیمیکل گودام کے طور پر استعمال رہائشی عمارت میں بدترین آتشزدگی ،80افراد ہلاک ،

درجنوں افراد ٹریفک جام ہونے کے سبب تنگ گلیوں سے نہ نکل سکے آگ شہر کے پرانے علاقے چوک بازار میں ممکنہ طور پر گیس سیلنڈر سے لگی اور وہاں موجود کیمیائی مواد کی وجہ سے آگ نے تیزی سے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

جمعرات 21 فروری 2019 22:04

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2019ء) بنگلہ دیش میں کیمیکل گودام کے طور پر استعمال کی جانے والی رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے کم از کم80 افراد ہلاک ہوگئے۔بنگلہ دیشی کے دارالحکومت ڈھاکہ میں قائم عمارت میں ہونے والی آتشزدگی کے باعث درجنوں لوگ ٹریفک جام کے سبب بند ہو جانے والی تنگ گلیوں سے نہ نکل سکے۔جس اپارٹمنٹ کی عمارت میں آگ لگی اسے کیمیائی گودام کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا اور اس میں کیمیکلز، باڈی اسپرے اور پلاسٹک کے سامان کے سبب آگ بھڑک اٹھی۔

فائر کنٹرول روم کے عہدیدار محفوظ ربین کا کہنا ہے کہ اب تک80 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ بنگلہ دیشی فائر سروس چیف نے ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کردیا۔انہوں نے کہا کہ آگ شہر کے پرانے علاقے چوک بازار میں ممکنہ طور پر گیس سیلنڈر سے لگی اور وہاں موجود کیمیائی مواد کی وجہ سے آگ نے تیزی سے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

(جاری ہے)

آگ کی شدت کے سبب شعلے قریبی متصل 4 عمارتوں میں بھی پہنچ گئے، مذکورہ عمارتوں کو بھی کیمیائی گودام کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔علی احمد کا کہنا تھا کہ آگ لگی تو اس وقت ٹریفک جام تھا، یہ تیزی سے پھیلتی چلی گئی اور تنگ گلیوں اور چند سینٹی میٹر کے فاصلے سے عمارتیں واقع ہونے کے سبب لوگ وہاں سے بچ کر نہ نکل سکے۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ قریب ہی ایک شادی کی تقریب جاری تھی اور آگ کی شدت کے سبب وہاں موجود لوگ بھی اس کی لپیٹ میں آ گئے اور کئی افراد زخمی ہوئے۔

ڈھاکہ میٹرو پولیٹن کے ڈپٹی کمشنر ابراہیم خان نے بتایا کہ آگ کی پلیٹ میں آ کر 2 گاڑیاں اور 10 رکشے جل کر خاکستر ہو گئے جبکہ متاثرین میں کچھ راہگیر اور آس پاس موجود افراد بھی شامل تھے جو قریبی ریسٹورنٹ میں کھانا کھا رہے تھے۔فائر فائٹرز نے سیڑھی لگا کر عمارت کے اندر لگی آگ کو بجھانے کے لیے پانی کے اسپرے کیے لیکن ان کی یہ کوشش بھی رائیگاں گئی جبکہ اس سلسلے میں ہیلی کاپٹر کی مدد بھی طلب کی گئی۔ڈھاکہ میڈیکل کالج ہسپتال میں موجود پولیس انسپکٹر بچو میاں نے کہا کہ وہاں 45 افراد کو زخمی حالت میں لایا گیا، جن میں سے 4 کی حالت نازک ہے۔