Live Updates

تعلیم کے فروغ سے غربت کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے، طبقاتی محرومیوں کا خاتمہ معاشروں کی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے،ڈاکٹر عارف علوی

ماضی میں طرز حکمرانی بہتر نہ ہونے سے ہم ترقی کے میدان میں پیچھے رہ گئے ہیں، عوامی خدمت ،سماجی بہبود سے حقیقی خوشی حاصل کی جا سکتی ہے، کم ترقی یافتہ طبقات کی بحالی ہمارا ہدف ہونا چاہئے، فلاحی ادارے سماجی ترقی کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں، صدر مملکت کا ایس پی او کے یوم تاسیس سے خطاب

جمعرات 21 فروری 2019 22:13

تعلیم کے فروغ سے غربت کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے، طبقاتی محرومیوں کا خاتمہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تعلیم کے فروغ سے غربت کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے، طبقاتی محرومیوں کا خاتمہ معاشروں کی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے، ماضی میں طرز حکمرانی بہتر نہ ہونے سے ہم ترقی کے میدان میں پیچھے رہ گئے ہیں،عوامی خدمت ،سماجی بہبود سے حقیقی خوشی حاصل کی جا سکتی ہے، کم ترقی یافتہ طبقات کی بحالی ہمارا ہدف ہونا چاہئے، فلاحی ادارے سماجی ترقی کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

جمعرات کو نیشنل لائبریری اسلام آباد میں ایس پی او کے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ عوام کو معیاری تعلیم کی فراہمی ترقی و خوشحالی کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ موجودہ حکومت نے صحت اور تعلیم پر اپنی توجہ مرکوز کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے خیراتی کام میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ تعلیم کے فروغ سے غربت کا خاتمہ ممکن ہے۔

صحت و تعلیم کے شعبوں میں کئی ادارے اور لوگ اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمے کے لئے چین کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے، چین نے صحت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دے کر غربت کا خاتمہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی ادارے سماجی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کر رہے ہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ طبقاتی محرومیوں کا خاتمہ معاشروں کی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے، عوامی خدمت اور سماجی بہبود سے حقیقی خوشی حاصل کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کم ترقی یافتہ طبقات کی بحالی ہمارا ہدف ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں اس لحاظ سے منفرد مقام کا حامل ہے کہ اس نے ایک لمبے عرصے تک لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کی ہے جبکہ آج بھی دنیا کے ترقی یافتہ ممالک پناہ گزینوں کو اپنے ملک آنے سے روک رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2005ء کے زلزلہ کے بعد ہمارے لوگوں نے بے مثال ایثار و قربانی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ماضی میں طرز حکمرانی بہتر نہ ہونے سے ترقی کے میدان میں پیچھے رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طرز حکمرانی بہتر کرنے کیلئے کاوشیں کی جا رہی ہیں۔ صدر مملکت نے ایس پی او کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایس پی او نے عوامی فلاح کے شعبے میں بہترین خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی آبادی کا بڑا حصہ غذائی قلت کا شکار ہے اس مسئلہ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات