وقت پڑا تو افواج پاکستان کے شانہ بشانہ اپنے وطن عزیز کا بھرپور دفاع کریں گے، مصطفی کمال

جمعرات 21 فروری 2019 22:32

وقت پڑا تو افواج پاکستان کے شانہ بشانہ اپنے وطن عزیز کا بھرپور دفاع ..
کرا چی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2019ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارے آباؤاجداد نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر بنایا تھا، آج بھی اس کے ذرے ذرے کی حفاظت کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، وقت پڑا تو افواج پاکستان کے شانہ بشانہ اپنے وطن عزیز کا بھرپور دفاع کریں گے جیسے پہلے روز سے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر راء کے خلاف سیاسی محاذ پر نبردآزما ہیں۔

ان خیالات کا اظہار سید مصطفیٰ کمال نے پاکستان ہاؤس سے جاری اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہاجروں سے زیادہ محب وطن کوئی نہیں ہے کیونکہ ہمارے بڑوں نے اپنے بڑوں کو اس ملک کی خاطر کٹتے ہوئے دیکھا ہے۔ آج بھی ہمارے بچوں کو بچپن سے ہی پاکستان کی خدمت کرنے کی تربیت دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوال کیا کہ کیا ہم نے پاک سر زمین پارٹی بنا کر اس بیانیے کو عام نہیں کیا کہ بانی متحدہ تمام مہاجر کمیونٹی کی آواز یا ان کا نمائندہ نہیں ہی اگر ہم نے پی ایس پی بنا کر ایسا نہ کیا ہوتا تو آج مہاجر بانی متحدہ کے پاکستان دشمن بیانیے پر مبنی ہر جملے پر پوری پاکستانی قوم کے سامنے شرمندہ ہوتے جو انہوں نے ہماری اس پاک سر زمین کے خلاف کہے۔

اس کے بعد یقیناً پورے کراچی میں مہاجر نوجوانوں کی پکڑ دھکڑ اور تذلیل کا ایک سلسلہ شروع ہو جاتا لیکن الحمداللہ آج ہمیں فخر ہے کہ ہم کامیاب ہو گئے۔ بانی متحدہ اور انکے الفاظ کو جو مہاجر قوم سے جوڑ کر دیکھا جانے لگا تھا اسے علیحدہ کر کے ہم نے اس منفی سوچ کا خاتمہ کر دیا ہے اور مہاجروں کی اصل شناخت بحال کر دی ہے جو انسے چھین لی گئی تھی۔