جاپان میں شادی کے خواہشمند شرمیلے جوڑوں کی طرف سے روبوٹ بات چیت کرنے لگے

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 21 فروری 2019 23:35

جاپان میں شادی کے خواہشمند شرمیلے جوڑوں کی طرف سے  روبوٹ بات چیت کرنے ..
ٹوکیو، جاپان میں ایک روبوٹک ایسوسی ایشن نے  ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ اس تقریب کے دوران شادی کے خواہشمند شرمیلے جوڑے  تو ایک دوسرے کے سامنے خاموش  بیٹھے رہے لیکن اُن کی طرف سے چھوٹے چھوٹے روبوٹ بات چیت  کرتے رہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ تقریب کانٹنٹس انوویشن پروگرام (سی آئی پی) ایسوسی ایشن نے  منعقد کی تھی۔ یہ ایسوسی ایشن  مصنوعی ذہانت ، روبوٹکس اور دیگر ٹیکنالوجی کی ڈویلپمنٹ کا کام کرتی ہے۔

یوٹیوب پر پوسٹ ہونے والی تقریب کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شادی کےخواہشمند شرمیلے جوڑے تو  ایک میز پر ایک دوسرے کے سامنے خاموش بیٹھے ہیں لیکن ان کے سامنے موجود چھوٹے روبوٹس  بات چیت کر رہے ہیں۔یہ روبوٹس ایک دوسرے کے سوالوں کےجوابات دے رہے ہیں۔ ان روبوٹس میں پہلے سے ہی سروے کر کے شرکا کے 45 جوابات فیڈ کیے گئے  تھے۔

(جاری ہے)


روبوٹس کے درمیان یہ گفتگو تین منٹ تک چلی، جس کےبعد ان کے ساتھ بیٹھے ہوئے افراد نے فیصلہ کرنا تھا کہ انہوں نے متوقع ساتھی سے مزید گفتگو کرنی ہے  یا وہاں سے چلے جاناہے۔


اس تقریب میں 28 افراد نے شرکت کی۔ ان افراد کا کہنا ہے کہ روبوٹس کے بولنے کی وجہ سے وہ ایک دوسرے کو سمجھنے پر توجہ دےسکے۔
اس تقریب میں استعمال ہونے والے چھوٹے روبوٹ جاپانی میڈیا کمپنی  سائبر ایجنٹ نے جاپانی ٹیکنالوجی کمپنی شارپ کی معاونت سے بنائے ہیں۔ان روبوٹس کی مدد سے تقریب کے دوران چار جوڑوں نے ایک ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا۔
جاپان میں پراکسی سروسز تیزی سے مقبول ہوتی جارہی ہیں۔ گزشتہ ہفتے ہی ہم نے آپ کو ایک ایسی جاپانی کمپنی کے بارے میں بتایا تھا جو شرمیلے نوجوانوں کی طرف سے اظہار محبت کا فریضہ سرانجام دیتی ہے (تفصیلات اس صفحے پر)