یمن کا امریکا سے حوثی ملیشیا کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ

ایران یمن کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش میں حوثی ملیشیا کو مسلسل سپورٹ فراہم کر رہا ہے‘امریکی سفیر

جمعہ 22 فروری 2019 13:05

یمن کا امریکا سے حوثی ملیشیا کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ
صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) یمن کے وزیر اطلاعات معمر الاریانی نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یمنی شہریوں کے خلاف مرتکب تمام جرائم کی بنیاد پر حوثی ملیشیا کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دے۔یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق الاریانی نے نہتے اور بے قصور شہریوں کے خلاف باغی ملیشیا کے جرائم کو اجتماعی نسل کشی قرار دیا۔

(جاری ہے)

یمن میں امریکی سفیر میتھیو ٹولر سے ملاقات کے دوران یمنی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا سویڈن معاہدے پر عمل درامد سے بھاگ رہی ہے۔ اس کے نتیجے میں معاہدے کی کامیابی کی امیدیں دھندلا رہی ہیں۔ انہوں نے باور کرایا کہ حوثی باغی امن عمل میں سنجیدہ نہیں ہیں۔دوسری جانب امریکی سفیر نے زور دے کر کہا کہ ایران یمن کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش میں حوثی ملیشیا کو مسلسل سپورٹ فراہم کر رہا ہے۔ٹولر کے مطابق انارکی اور شورش کو بڑھانے کے لیے حوثیوں اور القاعدہ کے درمیان رابطے جاری رہنے کا امکان ہے۔