شارجہ:پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کی ایمانداری کا امارات بھر میں چرچا ہو گیا

فضیل قدیم آدم نے زیورات سے بھرا بیگ مسافر تک واپس پہنچا دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 22 فروری 2019 13:11

شارجہ:پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کی ایمانداری کا امارات بھر میں چرچا ہو ..
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22فروری 2019ء ) پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور فضیل قدیم آدم اس وقت امارات بھر میں سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن چکا ہے۔ اس شخص کی ایمانداری کا ہر جانب چرچا ہو رہا ہے۔ پاکستان سے تعلق رکھنے والا فضیل شارجہ میں گزشتہ کئی سالوں سے روزگار کی غرض سے مقیم ہے۔ تاہم اُسے اس وقت مشہوری حاصل ہوئی جب اُس نے دیکھا کہ اُس کی ٹیکسی میں ایک سونے کے زیورات سے بھرا بیگ پڑا ہے۔

اگر کوئی اور ہوتا تو شاید اُس کی نیت خراب ہو جاتی۔ اور وہ ساری رقم ہڑپ کر جاتا۔ تاہم اچھے والدین کی تربیت اور اسلامی شعار کے رنگ میں رنگا فضیل مختلف سوچ کا مالک ہے۔ اُسے اندازہ ہو گیا کہ یہ بیگ تھوڑی دیر قبل اُس کی ٹیکسی میں سفر کرنے والے مسافر کا ہے۔ جس کا اُسے کچھ پتا نہ تھا۔

(جاری ہے)

فضیل بیگ لے کر فوری طور پر پولیس اسٹیشن پہنچ گیا۔پولیس نے ان زیورات کے اصل مالک کی تلاش کر کے اُن تک سامان پہنچا دیا۔

اور فضیل کو اُس کی اس بے پناہ ایمانداری پر بہت شاباش دی۔ بعد میں پولیس کے اعلیٰ حکام کی جانب سے فضیل کو بُلا کر باقاعدہ ایک توصیفی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ شارجہ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز کرنل محمد راشد بیات نے آدم کو ایوارڈ سے نوازتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ اُن لوگوں کو دیا جاتا ہے، جو پولیس سے اُن معاملات میں بھرپور تعاون کرتے ہیں جن کا مقصد معاشرے کو محفوظ اور جرائم سے پاک بنانا ہوتا ہے۔ فضیل آدم کا یہ عمل بہت قابلِ تحسین ہے جس سے معاشرے میں ایمانداری کا جذبہ پروان چڑھتا ہے۔