Live Updates

وزیراعظم عمران خان صوبائی حکومتوں کی میڈیا ٹیم سے ناخوش

پنجاب حکومت کی نئی میڈیا ٹیم کا اعلان کر دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 فروری 2019 13:32

وزیراعظم عمران خان صوبائی حکومتوں کی میڈیا ٹیم سے ناخوش
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 فروری 2019ء) : وزیراعظم عمران خان صوبائی حکومتوں کی میڈیا ٹیم سے خاصے ناخوش ہیں جس کے پیش نظر پنجاب حکومت کی نئی میڈیا ٹیم کا اعلان کرد یا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کی نئی میڈیا ٹیم میں غیر منتخب اراکین بھی شامل ہیں جبکہ خیبرپختونخواہ حکومت کی میڈیا ٹیم میں بھی تبدیلی متوقع ہے۔ پنجاب حکومت کی میڈیا ٹیم کی خاطر خواہ کارکردگی نہ ہونے پر تحفظات بڑھے تو ٹیم تبدیل کر دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب کے نئے ترجمان مقرر کر دئے۔ جبکہ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختونخواہ حکومت کی کاکردگی کو میڈیا پر اُجاگر کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت میں آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان میڈیا ٹیم سے کافی ناخوش نظر آئے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کی میڈیا ٹیم ابتدائی دنوں میں ہی ناکام ہو گئی ۔

جس کے بعد وزیر اعظم رائے عامہ کے حوالے سے پریشان بھی نظر آئے۔ اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے میڈیا ٹیم کے ساتھ ساتھ خود بھی عوامی رائے عامہ کو ہموار کرنے کے لیے میدان میں اُترنے کا فیصلہ کیا تھا۔ فیصلے کے تحت وزیر اعظم عمران خان عوام سے رابطے میں رہیں گے اور عوامی کو حکومتی کارکردگی سے آگاہ رکھیں گے۔ بعد ازاں گذشتہ برس اکتوبر میں وزیراعظم عمران خان نے ’’پاکستان سیٹیزن پورٹل‘‘ کا افتتاح کیا جس کی بدولت پاکستانی عوام براہ راست اپنی شکایات و تجاویز وزیر اعظم آفس کو بھجواتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے شروع کیے جانے والے اس پورٹل کو اتنی مقبولیت حاصل ہوئی کہ پاکستان سیٹیزن پورٹل گوگل پلے اسٹور پر دنیا کی 7 بہترین ایپس میں شامل ہوگئی۔ ایپلی کیشن کی اس کامیابی پر وزیراعظم عمران خان نے بھی خوشی کا اظہار کیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات