پلوامہ حملے کے بعد بھارت کے پاکستان اور مسلمانوں کے خلاف پراپیگنڈہ پر بھارتیوں کا کرارا جواب

سیاسی جماعتیں اور حکومت ہندو اور مسلمانوں کو لڑا رہی ہیں اور کچھ نہیں کر رہیں۔ بھارتی شہریوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 فروری 2019 14:00

پلوامہ حملے کے بعد بھارت کے پاکستان اور مسلمانوں کے خلاف پراپیگنڈہ ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 فروری 2019ء) : پلوامہ حملے پر بھارت نے پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ شروع کر دیا۔ ایک طرف جہاں بھارتی حکومت پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہی ہے وہیں دوسری جانب بھارتی عوام نے مسلمانوں کے خلاف بھارتی پراپیگنڈہ یکسر مسترد کر دیا ہے۔ بھارتی ٹی وی کی رپورٹر نے بھارتی شہریوں سے سوال کیا کہ اس وقت ملک میں جو صورتحال چل رہی ہے اس حوالے سے آپ کا کیا خیال ہے کہ حکومت کیا کر رہی ہے جس پر ایک بھارتی شہری نے کہا کہ حکومت صرف ہندو اور مسلمانوں کو آپس میں لڑوا رہی ہے۔

2019ء کے لیے انہوں نے اپنی پوری حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ اور وہ چاہتی ہے کہ کسی طریقے سے حملے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ہندو اور مسلمان آپس میں ایک جگہ آرام سے رہتے ہیں ، مندر اور مسجد کا کوئی جھگڑا نہیں ہے تو پھر یہ کس بنا پر مسلمانوں اور ہندوؤں کو لڑوا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی شہریوں نے کہا کہ حکومت اصل ایشوز پر بات نہیں کر رہی ، صرف سیاست کو بنیاد بنا کر مسائل کھڑے کیے جا رہے ہیں اور انہی کی بنیاد پر ووٹس حاصل کیے جا رہے ہیں۔

کتنی لڑکیوں سے زیادتی کی گئی اور کتنے دلت لوگوں کا قتل ہوا اس حوالے سے کوئی بات نہیں کرتا نہ ہی کسی نے اس حوالے سے کوئی کارروائی کی۔ کرپشن ہو رہی ہے ، اسپتالوں میں لوگوں کا علاج نہیں ہو رہا لیکن کوئی بھی اس پر بات نہیں کر رہا ۔ خبرناموں میں بھی ہندو مسلمان ، ہندو مسلمان پر بات ہو رہی ہے۔ حکومت نے عوام کو سہولیات تک فراہم نہیں کیں۔

بھارتی شہریوں نے کہاکہ اس مرتبہ عوام حکمرانوں کے چنگل میں نہیں آئے گی کیونکہ عوام بھی اچھی طرح جان چکی ہے کہ حکمرانوں کے کھانے کے دانت اور اور دکھانے کے دانت اور ہیں۔ سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو خوب مقبولیت حاصل ہو رہی ہے اور سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اب بھارتی عوام کو بھی بخوبی سمجھ آگئی ہے کہ مودی سرکار ان کے ساتھ کیا کھیل کھیل رہی ہے۔ اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: