انٹرنیشنل ٹریڈ یونین آف کنفیڈریشن کی کال پر ہندوستان میں مزدوروں کے استحصال اور مودی حکومت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

مزدور کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ،مزدوروں کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا

جمعہ 22 فروری 2019 15:09

انٹرنیشنل ٹریڈ یونین آف کنفیڈریشن کی کال پر ہندوستان میں مزدوروں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) انٹرنیشنل ٹریڈ یونین آف کنفیڈریشن (ITUC)کی کال پر دنیا بھر کے 176ممالک میں ہندوستان میں مودی حکومت کی طرف سے مزدوروں کے خلاف مزدور دشمن اقدامات کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں ،پاکستان میں یہ مظاہرہ پاکستان ورکرز فیڈریشن اور سی ڈی اے مزدور یونین کے زیر اہتمام دارلحکومت اسلام آبادمیں ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ظہور اعوان اور سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے ہندوستان کے محنت کشوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مودی سرکار فوری طور پر ہندوستان کے کروڑوں مزدوروں کے خلاف مزدور دشمن اقدامات کو واپس لے تاکہ مزدور سکھ کی سانس لے سکیں ،انھوں نے کہا کہ مزدور کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ،مزدوروں کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ،انھوں نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی مودی سرکار الیکشن کی آڑ میں کشمیریوں پر ظلم و ستم کر رہی ہے اور پاکستان پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگا رہی ہے پاکستانی قوم وزیر اعظم پاکستان اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے اور دنیا میں امن کا سب سے بڑا داعی ہے اگر ہندوستان نے کسی قسم کی شرانگیزی کرنے کی کوشش کی تو پاکستان پوری قوت کے ساتھ اس کا منہ توڑ جواب دے گا ،مظاہرین نے مودی سرکار کے اس رویے کے خلاف شدید نعرے بازی کی ،مظاہرے کے اختتام پر پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ظہور اعوان اور سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے انڈین ایمبیسی میں مودی حکومت کے مزدور دشمن رویے کے خلاف یاداشت جمع کروائی۔