پاکستان اور سبز ہلالی پرچم سے محبت کشمیریوں کے جسموں میں خون بن کر دوڑتی ہے‘وزیراعظم آزاد کشمیر

پاکستان اور کشمیر یک قالب دو جان ہیں۔ہمارے بزرگوں نے الحاق پاکستان کی جو بنیاد رکھی تھی ہم اسکے وارث ہیں اللہ نے چاہا تو شہداء کشمیر کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور سرینگر میں سبز ہلالی پرچم پوری آب و تاب کے ساتھ لہرائے گا پاک فوج خطے میں بھارت کی بالادستی کو خاک میں ملانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے‘راجہ فاروق حیدرکی عشائیہ پر گفتگو

جمعہ 22 فروری 2019 15:09

پاکستان اور سبز ہلالی پرچم سے محبت کشمیریوں کے جسموں میں خون بن کر دوڑتی ..
برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے پاکستان اور سبز ہلالی پرچم سے محبت کشمیریوں کے جسموں میں خون بن کر دوڑتی ہے۔پاکستان اور کشمیر یک قالب دو جان ہیں۔ہمارے بزرگوں نے الحاق پاکستان کی جو بنیاد رکھی تھی ہم اسکے وارث ہیں اللہ نے چاہا تو شہداء کشمیر کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور سرینگر میں سبز ہلالی پرچم پوری آب و تاب کے ساتھ لہرائے گا۔

پاک فوج خطے میں بھارت کی بالادستی کو خاک میں ملانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔اللہ کا شکرہے ہم ایٹمی طاقت ہیں ورنہ ہندوستان ہمارا وجود کہاں برداشت کرتا ہے۔ہمارے نظریات حضرت قائداعظم محمد علی جناح ،حضرت علامہ محمد اقبال کے فرمودات و ارشادات سے جنم لیتے ہیں اس لئے ہمیں کوئی ڈر اور ذرا برابر خوف نہیں اگر بھارت کسی قسم کی مہم جوئی کی کوشش کرے گا تو پھر ہندوستان یاد رکھے جواب اسکو بھرپور اور موثر ملے گا۔

(جاری ہے)

بہادر کشمیری اپنی پاک فوج کے ساتھ اگلے مورچوں پر ہونگے۔اللہ کے فضل سے میں بھی بندوق چلانی اچھی طرح جانتاہوں اور ڈر نام کی کوئی چیز میرے اندر ہے ہی نہیں خود میدان میں موجود ہونگے قوم بالکل تسلی رکھے اور بھارتی گیدر بھبکیوں کو خاطر میں نہ لائے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے ان خیالات کا اظہار بیلجیم میں پاکستانی سفیر محترمہ نغمانہ ہاشمی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے جانے والے عشائیے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوے کیا۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہمارے خمیر میں حضرت علامہ محمد اقبال کی شاعری ہے،حضرت قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات ہیں ہمیں کون شکست دے سکتا ہے۔انہوں نے کہا اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کیلیے بنا ہے کوئی سازش کوئی حربہ مملکت خداداد پاکستان کو کمزور نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا ہمیں جتنا دبانے کی کوشش کی جائے گی ہم اس سے دوگنی قوت سے ابھر کر سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا ہم تحریک پاکستان کے اولین صفوں کے سپاہی ہیں ہمارے اجداد نے تحریک پاکستان میں۔بھی نمایاں کام کیا اور الحاق پاکستان میں پیش پیش رہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالی کا بہت بڑا انعام ہے جب آپ بیرون ملک ہیں تو آپ صرف پاکستانی ہیں کوئی قبیلہ کوئی قومیت اور صوبائیت نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر پر کشمیری عوام کی بھرپور سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت کہ ہے ہم اسپر مشکور بھی ہیں اور ممنون بھی مگر اب ذرا مزید اوپر اٹھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا عالمی دنیا کشمیریوں کی بات کو سننے لگی ہے،اس لئے انہیں خود آگے موقع دینا چاہیے۔وزیراعظم نے کہا یورپی پارلیمینٹ نے کشمیر پر بحث کا آغاز کر کے بھارت کو واضح پیغام دیا کہ انسانی حقوق کی پامالی کسی صورت قبول نہیں ہے۔انہوں نے کہا یہی ہم بتانا چاہتے ہیں کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھا رہی ہے،کشمیریوں کے بنیادی حقوق صلب کئے جا رہے ہیں۔

چھوٹے بچوں تک کو بیدردی سے نشانہ بنایا گیا جسے برداشت نہیں کیا جا سکتا،کشمیری خواتین کو بھارتی فوج جس ظالمانہ انداز سے ہراساں کرتی ہے اسے بیان نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا یہی وجہ ہے کہ اب دنیا ہمیں سننے لگی ہے ہم بھی دنیا کے ضمیر کو جھنجوڑتے رہیں گے اسوقت تک جب تک کشمیرہ عوام کو ان کا حق خودارادیت نہیں مل جاتا۔راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ بھارت خطے میں چوہدری نہ بنے ہم اسکی بالادستی کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا اس بہادر قوم اور فوج کی موجودگی مہں کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔وزیراعظم نے کہا خدا نہ کرے وہ وقت آے کیونکہ جنگیں مسائل کا حل نہیں لیکن اگر بھارت نے کسی قسم کی مہم جوئی کی کوشش بھی کی تو بھرپور جواب کشمیری عوام دیں گے۔انہوں نے کہا ہم بھارت کو اندر گھس کر ماریں گے وہ ہمارے صبر کو نہ ہی آزمائے تو اچھا ہے۔

انہوں نے انتہائی خوبصورت انداز میں جب یہ کہا کہ مجھے بندوق چلانی۔بھی آتی ہے اور ڈر نام کی کوئی چیز تو میرے اندر ہے ہی نہیں شرکائ نے اس موقع پر بھرپور تالیاں بجائیں۔وزیراعظم نے محترمہ نغمانہ ہاشمی کا شکریہ ادا کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔وزیراعظم نے اس موقع پر واجد خان ،راجہ افضل خان ،علی رضا سید ،سجاد حیدر کریم سمیت پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کا بھی شکریہ ادا کیا۔