لاہور ہائیکورٹ نے ایل ڈی اے کو نجی ہسپتال سربمہر کرنے سے روک دیا

جمعہ 22 فروری 2019 15:14

لاہور ہائیکورٹ نے ایل ڈی اے کو نجی ہسپتال سربمہر کرنے سے روک دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے ایل ڈی اے کو نجی ہسپتال کو سربمہر کرنے سے روک دیا ۔جسٹس عابد عزیز شیخ نے ربانی ہسپتال کی درخواست پر حکم امتناعی جاری کیا ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار ہسپتال کی طرف سے مہر محمد اقبال ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور بتایا کہ ایل ڈی اے نے کمرشل سرگرمی کی بنیاد پر ہسپتال سربمہر کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے، ربانی ہسپتال و کلینک کی کمرشلائزیشن کیلئے 4 برسوں سے درخواستیں ایل ڈی اے کے پاس زیر التوا ہیں، ایل ڈی اے نے کمرشلائزیشن کی درخواستوں پر فیصلہ تو کیا نہیں اور ہسپتال بند کرنے کا نوٹس دیدیا، ربانی ہسپتال قانون کے مطابق چلا رہے ہیں، سالانہ ٹیکس بھی ادا کرتے ہیں ۔

معز عدالت سے استدعا ہے کہ ایل ڈی اے کی طرف سے ویسٹ ووڈ کالونی میں ہسپتال سربمہر کرنے کے نوٹسز کالعدم کئے جائیں اور ایل ڈی اے ربانی ہسپتال کا رقبہ کمرشلائزیشن کرنے کا حکم دیا جائے۔ جس پر عدالت نے نجی ہسپتال کو سربمہر کرنے سے روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کر دیا ور ایل ڈی اے سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔