سالی کا بہنوئی سے انوکھا فراڈ سامنے آ گیا

بہنوئی کو مردہ ظاہر کر کے تمام جائیداد ہڑپ کر گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 فروری 2019 15:05

سالی کا بہنوئی سے انوکھا فراڈ سامنے آ گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 فروری 2019ء) : ویسے تو سوشل میڈیا کے ذریعے فراڈ ہونے کی کئی خبریں روز مرہ کی بنیاد پر سامنے آتی رہتی ہیں لیکن حال ہی میں لاہور میں اپنی نوعیت کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں ایک سالی نے ہی اپنے بہنوئی سے فراڈ کر ڈالا اور یہی نہیں بلکہ اپنے بہنوئی کی ساری جائیداد بھی ہڑپ کر گئی۔ شاہد لطیف کی جائیداد پر اُن کی سالی سونیا بی بی نے جعلسازی سے قبضہ کر لیا اور اپنے بہنوئی کو مردہ ظاہر کر کے تمام جائیداد اپنے نام کر لی۔

سونیا بی بی نے اپنے بہنوئی کا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ بنوایا اور اسے مردہ ظاہر کرکے لاہور کے علاقہ جوہر ٹاؤن میں موجود کروڑوں روپے کی جائیداد پر قابض ہونے کی کوشش کی لیکن شاہد لطیف نے فوری طور پر عدالت سے رجوع کیا اور اپنے زندہ ہونے کا ثبوت دیا۔

(جاری ہے)

شاہد لطیف اپنا مقدمہ لے کر عدالت پہنچا جہاں اُس نے اس فراڈ کے خلاف درخواست دائر کی ۔ عدالت میں دائر کی جانے والی درخواست میں کہا گیا کہ شاہد لطیف نے اپنی بیوی کے نام سے ایک گھر اور 10 مرلے کا پلاٹ خریدا۔

درخواستگزار نے مؤقف اپنایا کہ بیوی کی وفات کے بعد اپنی اکلوتی بیٹی سالی کےحوالے کی تھی، میں کاروبار کے لیے باہر گیا تو میری سالی سونیا بی بی نے میرا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ بنوایا اور مجھے مردہ ظاہر کر کے بیٹی کی گارڈین بن کر جائیداد کو فروخت کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ شاہد لطیف نے کہا کہ اب سونیا بی بی میرے خلاف جھوٹے مقدمے کروا رہی ہے اور تنگ کر رہی ہے۔ جبکہ اُسے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دے رہی ہے۔ سونیا بی بی کی جانب سے شاہد لطیف کے خلاف لڑائی جھگڑے اور مار پیٹ کا مقدمہ بھی کروایا جس میں عدالت نے شاہد لطیف کی ضمانت منظور کر لی جبکہ ڈیتھ سرٹیفیکیٹ بنوانے پر عدالت نے پولیس کو طلب کر لیا۔