مضر صحت کھانے سے 5 بچوں کی ہلاکت، فوڈ اتھارٹی کی رپورٹ جمع

خاندان نے پارسل بریانی لی تھی جو اپنے کمرے میں کھائی، بریانی کھانے کے بعد خاتون نے الٹیاں کرنا شروع کیں، رپورٹ

جمعہ 22 فروری 2019 15:54

مضر صحت کھانے سے 5 بچوں کی ہلاکت، فوڈ اتھارٹی کی رپورٹ جمع
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) سندھ فوڈ اتھارٹی نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو 5 بچوں کی زہریلے کھانے سے موت پر ابتدائی رپورٹ پیش کردی ہے۔رپورٹ کے مطابق خاندان کوئٹہ سے آیا تھا اور صدر کے ایک ہوٹل میں رکا تھا۔ کوئٹہ سے کراچی سفر کے دوران متاثرہ خاندان نے خضدار اور حب میں کھانا کھایا تھا۔خاندان نے پارسل بریانی لی تھی جو اپنے کمرے میں کھائی۔

بریانی کھانے کے بعد خاتون نے الٹیاں کرنا شروع کیں اور انکے شوہر انہیں آغا خان اسپتال لے گئے۔مراد علی شاہ کو پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جب وہ صبح اپنی بیوی کو آغا خان اسپتال سے واپس ہوٹل کے کمرے میں پہنچے تو انکے 5 بچے، ایک رشتہ دار کمرے میں بے ہوش پڑے تھے۔سندھ فوڈ اتھارٹی نے ابتدائی رپورٹ میں بتایا ہے کہ بچوں کو اسپتال لے جایا گیا تو وہ اسپتال میں مردہ تصدیق کیے گئے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں درج ہے کہ فوڈ اتھارٹی نے ایک ریسٹورنٹ اور ہوٹل کے کمرے سے کھانے کے نمونے حاصل کیے ہیں جو ٹیسٹ کیلئے بھیج دیے گئے ہیں۔وزیراعلی سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی ہے کہ وہ بچوں کے والدین سے خود جا کر ملیں، اگر متاثرہ خاندان واپس کوئٹہ جانا چاہتے ہیں تو ان کے لیے بندوبست کیا جائے۔مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مجھے اس واقعہ سے دلی صدمہ ہوا، میں والدین کی تکلیف محسوس کر رہا ہوں متاثرہ خاندان کے ساتھ انصاف ہوگا۔

سندھ فوڈ نے کہا ہے کہ ابھی تک پندرہ لوگ زیر تفتیش ہیں، ہوٹل سے بریانی کی دیگیں بھی ملی ہیں اور کھانے کے نمونے لے لیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہر کے چھ ہزار سے زائد ہوٹلوں کا معائنہ کیا جا چکا ہے۔سیکریٹری صحت سعید اعوان نے پوسٹ مارٹم کی کارروائی کے لیے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ پولیس، سرجن ڈاکٹر، اعجاز کھوکھر کی سربراہی میں ڈاکٹروں کی چار رکنی ٹیم سول اسپتال میں پوسٹ مارٹم کرے گی۔ ٹیم کے دیگر ارکان میں ایڈیشنل پولیس، سرجن سول اسپتال ڈاکٹر قرار عباسی، ڈاکٹر سمیہ اور ڈاکٹر عارف میمن شامل ہیں۔