Live Updates

نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم مییں گھر کی ماہانہ قسط مقرر کر دی گئی

شہریوں کو 8 سے 10 ہزار روپے ماہانہ قسط دینا ہوگی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 فروری 2019 15:34

نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم مییں گھر کی ماہانہ قسط مقرر کر دی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 فروری 2019ء) : موجودہ حکومت کے پراجیکٹ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت 50 لاکھ گھر تعمیر کر کے بے گھر افراد کو رہائش کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس حوالے سے کام کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے لیکن نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے اُمیدوار اس کشمکش میں تھے کہ آخر اس اسکیم کے تحت بننے والے گھروں کی ماہانہ قسط کیا ہو گی۔

تاہم اب اس حوالے سے اسٹیٹ بینک اور حکومت میں معاملات طے پاگئے۔ جس کے تحت شہریوں کو 8 سے 10 ہزار روپے ماہانہ قسط دینا ہوگی۔ صوبے میں سستے گھروں کی تعمیر کے حوالے سے صوبائی وزیر ہاﺅسنگ میاں محمود الرشید کی زیر صدارت پھاٹا بورڈ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ حسن اقبال سمیت بورڈ ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے مزید فیزز کے لیے فنانشنل ماڈل پر بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید نے بورڈ ممبران کو آگاہ کیا کہ منصوبے کے لیے اسٹیٹ بنک اور حکومت میں معاملات طے پاگئے ہیں۔ اب درخواست گزار آٹھ سے دس ہزار ماہانہ قسط پر گھر حاصل کر سکے گا۔ اس سے قبل نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت تعمیر کیے جانے والے گھروں کی ممکنہ قیمت سامنے آئی تھی اور ذرائع نے بتایا تھا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت ملنے والے 3 مرلے کے گھروں کی قیمت 12 سے 13 لاکھ روپے ہوگی۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد ملک کی غریب عوام کے لیے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا اعلان کیا تھا۔ جس میں کئی غیر ملکی کمپنیوں اور کاروباری حضرات نے پاکستان تحریک انصاف کو مالی اور تعمیری معاملے میں مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی۔ حال ہی میں مصر کے ایک ارب پتی شخص نے نیاپاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ایک لاکھ گھر تعمیر کر کے دینے کی پیشکش کی تھی۔قبل ازیں 41 غیر ملکی کمپنیوں نے اس پراجیکٹ میں حصہ ڈالنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات