حکومت پنجاب نے پروفیسر خالد محمود کو نیورو انسٹی ٹیوٹ کا سربراہ مقرر کرنے کی منظوری دے دی

معروف نیورو سرجن خالد محمود رائل کالج سمیت عالمی اداروں سے تعلیم یافتہ اور مختلف اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں

جمعہ 22 فروری 2019 16:56

حکومت پنجاب نے پروفیسر خالد محمود کو نیورو انسٹی ٹیوٹ کا سربراہ مقرر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) حکومت پنجاب نے ملک کے مایہ ناز نیورو سرجن پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کرنے کی منظوری دیدی ۔ نیورو انسٹی ٹیوٹ کے پہلے مقرر کیے جانے والے نیورو سرجری یونٹ IIکے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود اس ادارے کے ہیڈ ہوں گے ۔

لاہور جنرل ہسپتال میں قائم500بستروں پر مشتمل انتظامی و مالی اعتبار سے خود مختار انسٹی ٹیوٹ کام کرے گا ۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود پاکستان میں رعشہ (پارکنسن)کی بیماری میں مبتلا افراد کے لئے جدید طریقہ علاج ڈی بی ایس کے بانی ہیں اور وہ مریضوں کو ہوش میں رکھتے ہوئے دماغی رسولیاں نکالنے و اینڈوسکوپک سرجری کے ماہر سرجن بھی ہیں ۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے 1987میں میڈیکل گریجویشن کے بعد 1992میں رائل کالج آف سرجن گلاسکو سے ایف آر سی ایس کیا جس کے بعد انہوں نے برطانیہ میں ہی نیورو سرجیکل ٹریننگ حاصل کی ،وہ یو کے کی نیشنل ہیلتھ سروس میں سینئر رجسٹرار نیورو سرجری رہے۔

پروفیسر خالد محمود نی1998میں انٹر کالجیٹ بورڈ سے نیورو سرجری کا امتحان پاس کیا اور وہ1999میں وطن واپس لوٹ آئے۔ انہیں 1999سی2005تک کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر نیورو سرجری کے طور پر خدمات سر انجام دینے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ پروفیسر خالد محمود2005سی2012تک پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ اور لاہور جنرل ہسپتال میں ایسوسی ایٹ پروفیسر بھی رہے۔

انہوں نے 2014سی2016تک امیر الدین میڈیکل کالج ،پی جی ایم آئی اور لاہور جنرل ہسپتال میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کیا۔پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود 2014میں پاکستان میں برین سرجری کے حوالے سے نئے جہت کے ساتھ سامنے آئے انہیں عالمی سطح پر بھی اینڈوسکوپک اور سپائنل سرجری میں نمایاں مقام حاصل رہا۔

انہوں نے قومی اور بین الاقوامی ورکشاپس بالخصوص برین سرجری کے حوالے سے مختلف جگہوں پر مقالے پیش کیے۔پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نی2015-16میں اسی ادارے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں 850ملین روپے کے تعمیراتی منصوبے مکمل کیے اور 2016میں پاکستان میں پہلی مرتبہ 3ٹیسلا ایم آر آئی کی جدید مشین کی تنصیب کرائی۔پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں عالمی معیار کے نیورو سرجری کیلئے 10آپریشن تھیٹر بھی تعمیر کرائے، انہیں میڈیکل ایجوکیشن اور پریکٹس میں نمایاں مقام حاصل ہے اور اب دوبارہ اسی ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر وہ نئے چیلنجز سے عہدہ برآ ہوں گے۔