کراچی ،میزان بینک اور ماسٹر موٹرز کے درمیان معاہدہ

جمعہ 22 فروری 2019 17:28

کراچی ،میزان بینک اور ماسٹر موٹرز کے درمیان معاہدہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) پاکستان کے بہترین اور معروف اسلامی بینک میزان بینک نے ماسٹر موٹرز لمیٹڈ اور ماسٹر موٹر کارپوریشن کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ یاد رہے کہ ماسٹر موٹرز اور ماسٹر کارپوریشن ماسٹر مولٹی فوم بنانے والے ماسٹر گروپ کا حصہ ہیں۔ ماسٹر موٹرز لمیٹڈ نے حال ہی میں چین کی مشہوراور نمبر1مسافر کار برانڈ "چینگن (CHANGAN)"کے ساتھ ایک مشترکہ منصوبے کے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔

معاہدے پر میزان بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی اور ماسٹر موٹرز لمیٹڈ کے چیئرمین ندیم ملک نے دستخط کئے۔ اس موقع پر میزان بینک کے گروپ ہیڈ کنزیومر فنانس ارشد مجید اور ماسٹر موٹرز لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر دانیال ملک بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

معاہدے کے تحت میزان بینک، ماسٹر موٹرز لمیٹڈ اور ماسٹر کارپوریشن میزان بینک کی کار اجارہ پراڈکٹ کے تحت مسافر مِنی وین "چینگن کاروان" کو پروموٹ کرنے کیلئے مشترکہ مہم چلائیں گے۔

کاروان مضبوط 1.0L انجن،7وسیع سیٹس اور پاورفل دہرے ا ئر کنڈیشنڈ کے ساتھ متوسط طبقے کیلئے ایک جدید اور ملٹی فنکشنل مِنی وین ہے۔ میزان بینک اضافی خدمات کے ساتھ اس گاڑی کیلئے پرکشش فنانسنگ پیکج کے ذریعے فنانسنگ فراہم کرے گا جن میںبروقت گاڑی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ابتدائی سروسز مفت شامل ہیں۔ اس موقع پر میزان بینک کے صدر او ر چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی نے اس معاہدے کو آٹو موٹو انڈسٹری کیلئے خوش آئند قرارد یتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے مارکیٹ میں صحت مند مقابلے کو فروغ ملے گا۔

میزان بینک پاکستان کا ساتواں بڑا بینک ہے۔ بینک ملک بھر میں 600سے زائد برانچز کے ساتھ600سے زائد اے ٹی ایمز، ماسٹر اینڈ ویزاڈیبٹ کارڈ ، انٹرنیٹ بینکنگ،موبائل بینکنگ سہولت ا ور 24/7کال سینٹر کے ذریعے صارفین کو اسلامی بینکنگ پراڈکٹ کی وسیع خدمات فراہم کررہا ہے۔ میزان بینک کو پاکستان بینکنگ ایوارڈز 2018ء میں پاکستان کے بہترین بینک کا ایوارڈ دیا گیا ہے جوکہ بینک کی عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔

یاد رہے پاکستان بینکنگ ایوارڈپاکستانی بینکنگ سیکٹر میں سب سے شاندار ایوارڈ مانا جاتاہے۔ اس کے علاوہ بینک کئی سالوں سے اسلامک فنانس نیوز ملائیشیا، گلوبل فنانس میگزین نیو یارک، سی ایف اے ایسوسی ایشن پاکستان اور ایسٹ ٹرپل اے ہانگ کانگ سمیت ملکی اور بین الاقوامی اداروں کی جانب سے پاکستان کے بہترین اسلامی بینک کا ایوارڈ حاصل کررہاہے۔ JCR-VISکریڈٹ ریٹنگ کمپنی نے طویل المدتی ریٹنگ میں میزان بینک کو ڈبل ا ے پلس ریٹنگ جاری کی ہے۔ بینک کی شارٹ ٹرم ریٹنگ مستحکم آئوٹ لک کے ساتھ A1+ ہے جوکہ بینک کی شاندار کارکردگی کو ظاہر کرتی ہے۔