بھارت پانی روکتا بھی ہے تو پاکستان کو فرق نہیں پڑیگا ، سیکرٹری آبی وسائل خواجہ شمائل

سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارتی وزیر کی ٹوئٹ پریشان کن نہیں، انٹرویو

جمعہ 22 فروری 2019 18:05

بھارت پانی روکتا بھی ہے تو پاکستان کو فرق نہیں پڑیگا ، سیکرٹری آبی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) وزارت آبی وسائل کے سیکریٹری خواجہ شمائل نے کہا ہے کہ اگر بھارت مشرقی دریاؤں (راوی، ستلج اور بیاس) کا پانی روک بھی دے تو پاکستان کو کوئی فرق نہیں پڑیگا۔وزارت آبی وسائل کے سیکریٹری خواجہ شمائل نے ایک انٹرویومیں بتایا کہ اگر بھارت مشرقی دریاؤں کا پانی روک کر اسے اپنے لوگوں کو فراہم کرے یا دیگر کاموں کیلئے استعمال کرے تو ہمیں اس میں کوئی مسئلہ نہیں کیونکہ سندھ طاس معاہدہ اس کی اجازت دیتا ہے۔

پاکستان کے سیکریٹری آبی وسائل خواجہ شمائل نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارتی وزیر کی ٹوئٹ پریشان کن نہیں۔انہوں نے کہا کہ دراصل بھارت دریائے راوی پر شاہ پور کنڈی ڈیم بنانا چاہتا ہے جبکہ اس منصوبے کو 1995 میں منسوخ کردیا گیا تھا تاہم اب وہ اسے تعمیر کرنا چاہتا ہے تاکہ وہ اپنے حصے کے اس پانی کو استعمال کر سکے جو غیر مستعمل ہونے کے سبب پاکستان کی جانب بہہ کر چلا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ شمائل نے کہا کہ اگر اب وہ اپنے عوام کیلئے ڈیم کی تعمیر کے ذریعے یا کسی اور طریقے سے پانی کو محفوظ بنا کر استعمال کرنا چاہتے ہیں تو ہمارا اس سے کچھ لینا دینا نہیں۔البتہ انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے مغربی دریاؤں(دریائے سندھ، چناب اور جہلم) کے پانی کا رخ موڑنے یا اسے استعمال کرنے کی کوشش کی تو ہم اس پر ضرور سخت اعتراض کریں گے کیونکہ اس پر ہمارا حق ہے۔