سابق وزیراعظم نواز شریف سے شہباز شریف ، مریم نواز اور بہو نے ملاقات کر کے عیادت کی

نواز شریف یا انکی فیملی نے اینجیوگرافی کرانے سے انکار نہیں ،حکومت نے ابھی تک اجازت ہی نہیں دی‘ ڈاکٹر عدنان اینجیو گرافی کیلئے حکومت کی اجازت کا انتظار ،نواز شریف کو کچھ ہواتو ذمہ دار حکومت ہو گی‘ ذاتی معالج/سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی کو ملاقات کی اجازت نہ ملی

جمعہ 22 فروری 2019 18:43

سابق وزیراعظم نواز شریف سے شہباز شریف ، مریم نواز اور بہو نے ملاقات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) جناح ہسپتال میں زیر علاج سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے انکے بھائی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف ، بیٹی مریم نواز اور بہو نے ملاقات کر کے انکی عیادت کی ،سابق وزیرا عظم کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ نواز شریف یا انکی فیملی نے اینجیو گرافی کرانے سے انکار نہیں کیا ہے بلکہ ابھی تک حکومت نے اجازت ہی نہیں دی۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کا جناح ہسپتال میں معمول کا چیک اپ جاری ہے تاہم میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر علاج کے حوالے سے تاحال کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی ۔ سفارشات میں نواز شریف کی اینجیو گرافی کی تجویز دی گئی ہے ۔جمعہ کے روز نواز شریف سے انکے چھوٹے بھائی شہباز شریف ، صاحبزادی مریم نواز اور حسن نواز کی اہلیہ نے جناح ہسپتال میں ملاقات کر کے ان کی عیادت کی ۔

(جاری ہے)

شریف خاندان کے افراد کی ہسپتال آمد کے موقع پر ہسپتال میں موجود کارکنوں کی جانب سے انکی گاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ان کے حق میں نعرے لگائے ۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ درست نہیں کہ نواز شریف یا انکی فیملی نے اینجیو گرافی کرانے سے انکار کیا ہے بلکہ ابھی تک حکومت نے اجازت ہی نہیں دی۔

پرنسپل خود کہہ رہے ہیں کہ اینجیو گرافی کے لئے حکومت کی اجازت کا انتظار کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف یا ان کی فیملی نے انجیو گرافی سے انکار نہیں کیااور یہ اطلاعات قطعاً غلط ہیں ۔ انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر نواز شریف کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار حکومت ہو گی۔گزشتہ روز سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر بھی نواز شریف کی عیاد ت کے لئے ہسپتال پہنچے تاہم انہیں ملاقات کی اجازت نہ ملی جس کے باعث وہ ملاقات کیے بغیر ہی واپس چلے گئے ۔