Live Updates

وزیر اعظم عمران خان نے راجن پور میں 2 لاکھ 13ہزار خاندانوں کو انصاف صحت کارڈ جاری کردیا

راجن پور کا خطہ سارے پاکستان سے پیچھے رہ گیا ،لوگوں کے حالات بہت خراب ہیں ،بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں ہم ایسا نظام بنانا چاہتے ہیں جس میں امیر، غریب وزرا سب سرکاری ہسپتالوں میں اپنا علاج کرائیں،تقریب سے خطاب

جمعہ 22 فروری 2019 19:54

وزیر اعظم عمران خان نے راجن پور میں 2 لاکھ 13ہزار خاندانوں کو انصاف صحت ..
راجن پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب کے ضلع راجن پور میں 2 لاکھ 13ہزار خاندانوں کو انصاف صحت کارڈ جاری کرتے ہوئے ملک کے سرکاری ہسپتالوں کا نظام بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ جمعہ کو راجن پور میں انصاف صحت کارڈ کے اجرا کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ راجن پور کا خطہ سارے پاکستان سے پیچھے رہ گیا اور یہاں کے لوگوں کے حالات بہت خراب ہیں جنہیں بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایسا نظام بنانا چاہتے ہیں جس میں امیر، غریب وزرا سب سرکاری ہسپتالوں میں اپنا علاج کرائیں۔انہوں نے کہاکہ ہم آج نئی شروعات کر رہے ہیں، صحت انسان کی بنیادی ضرورت ہے اور ہم راجن پور کے دو لاکھ 13ہزار خاندانوں کو انصاف کارڈ فراہم کر رہے ہیں جس سے وہ 7 لاکھ روپے سے زائد کا علاج کرا سکیں گے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ غریب گھرانے میں ایک مرتبہ بیماری آ جائے تو سارا بجٹ خراب ہو جاتا ہے اور اسی لیے ہم راجن پور کے تمام غریب گھرانوں میں صحت کارڈ تقسیم کریں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ فاٹا کے علاقے کے لوگ بھی بہت پیچھے رہ گئے اور جنگ نے ان کے حالات مزید خراب کر دئیے ہیں لہٰذا ہم وہاں بھی صحت کارڈ تقسیم کریں گے تاکہ انہیں یقین ہو کہ اگر انہیں کچھ ہوا تو ان کے پاس یہ سہولت موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کا نظام آہستہ آہستہ گرتا گیا، پہلے سرکاری ہسپتالوں میں بہترین علاج ہوتا تھا تاہم آج امیر لوگ سرکاری ہسپتالوں میں علاج کا سوچتے بھی نہیں ہیں۔

عمران خان نے بتایا کہ ان کی اور ان کی بہنوں کی پیدائش سرکاری ہسپتالوں میں ہی ہوئی ہے۔انہوںنے کہاکہ ہم ایک ایسا نظام بنانا چاہتے ہیں کہ امیر، غریب اور وزرا سمیت تمام افراد سرکاری ہسپتالوں میں علاج کرائیں۔انہوں نے اس موقع پر پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد کو ہدایت کی کہ سرکاری ہسپتالوں کے نظام میں اصلاحات کے عمل میں تیزی لائیں تاکہ سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر کیے جائیں اور ان کی انتظامیہ کو بھی بہتر بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات انسان کی بنیادی ضرورت ہے،ہم نے انصاف کارڈ کا آغاز اس ضلع سے کیا ہے، ہم دو لاکھ 13 ہزار خاندانوں میں صحت انصاف کارڈز تقسیم کریں گے، اس طرح ہر خاندان کے پاس سات لاکھ 20 ہزار روپے علاج کے لئے دستیاب ہوں گے۔ ہم سب جانتے ہیں کہ غریب گھرانے میں ایک دفعہ بیماری آ جائے تو اس غریب گھرانے کا سارا بجٹ تباہ ہو جاتا ہے، نہ وہ بچوں کے کپڑے لے سکتا ہے نہ کھانا کھا سکتا ہے، مجھے بڑی خوشی ہے کہ ڈاکٹر یاسمین اور عثمان بزدار نے فیصلہ کیا کہ یہاں سے اس پروگرام کا آغاز کیا جائے۔

ہم تمام غریب گھرانوں کو صحت انصاف کارڈ دیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فاٹا اور قبائلی علاقے کے عوام بھی پیچھے رہ گئے ہیں، وہاں جنگ نے مزید غربت پیدا کی۔ وہاں کے عوام کو بھی صحت کارڈز دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غریب آدمی سرکاری ہسپتالوں میں جاتا ہے جبکہ امیر لوگ پرائیویٹ ہسپتالوں میں علاج کرواتے ہیں جس کی وجہ سے آہستہ آہستہ سرکاری ہسپتالوں کا نظام خراب ہوتا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں اور میری بہنیں سرکاری ہسپتالوں میں پیدا ہوئے، وہاں بہترین علاج ہوتا تھا لیکن آج سرکاری ہسپتالوں میں یہ حال ہے کہ کوئی پیسہ والا سرکاری ہسپتال جانے کے لئے تیار نہیں ہے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راجن پور پنجاب کا پہلا ضلع ہے جس کا بارڈر صوبہ بلوچستان اور سندھ کے ساتھ ملتا ہے اور یہ پنجاب کے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے لیکن یہ علاقہ انتہائی پسماندہ ہے۔

وزیراعظم کا شکر گذار ہوں جنہوں نے پسماندہ علاقے سے صوبہ کا وزیراعلیٰ بنایا۔ ہم وزیراعظم کی قیادت میں علاقہ کی پسماندگی کو دور کریں گے۔ صحت انصاف کارڈز کے اجراء سے عوام کو صحت کی سہولیات میسر آئیں گی۔ ماضی میں حکمرانوں نے سارے وسائل لاہور پر لگائے اور پسماندہ علاقوں کو محروم رکھا۔ راجن پور کو مثالی ضلع بنایا جائے گا۔ تمام طبی مراکز میں سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور یہ 24 گھنٹے کام کریں گے۔

پسماندہ علاقوں کو بھی وہ سہولیات فراہم کی جائیں گی جو صوبہ کے ترقی یافتہ علاقوں میں دستیاب ہیں۔ ہم پورے صوبے اور ملک کی یکساں ترقی پر یقین رکھتے ہیں۔ کسی علاقے کو ترقی سے محروم نہیں رہنے دیں گے، عوام دیکھیں گے کہ پسماندہ علاقوں میں بھی ترقی ہوگی اور عوام کو سہولیات فراہم ہوں گی۔ پورے پنجاب میں 72 لاکھ افراد صحت کارڈز سے مستفید ہوں گے۔

پسماندہ علاقوں کے عوام کو صحت کی سہولیات میسر نہیں تھیں اور لوگوں نے اپنے علاج معالجہ کے لئے اپنے بچے بھی فروخت کئے ہیں۔ علاقے میں سوئی گیس، یونیورسٹی کی بھی ضرورت ہے۔ کچے کے علاقے میں امن و امان کا مسئلہ ہے اور ہم علاقے کے لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر ان مسائل کو حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمور سے ڈیرہ اسماعیل تک انڈس ہائی وے کو دوہرا کرنے کے لئے وزیراعظم سے خاص طور پر درخواست کرتا ہوں، اس سے پورا علاقہ ترقی کرے گا۔

سعودی ولی عہد کی آمد کے موقع پر وزیراعظم کی درخواست پر سعودی عرب میں قید پاکستانی قیدیوں کی رہائی کو یقینی بنانے پر وزیراعظم کا مشکور ہوں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے لئے یہ خوش قسمتی کی بات ہے کہ وزیراعظم نے صحت کارڈز کی تقسیم کا آغاز راجن پور سے کیا ہے جو پنجاب کا پسماندہ ترین علاقہ ہے، تحریک انصاف نے اپنے منشور میں جنوبی پنجاب کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ان کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا اور یہ اقدام اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

صحت کارڈ تحریک انصاف کے منشور کا حصہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا تعلق بھی اسی علاقے سے ہے جو یہاں کے عوام کے لئے ایک اعزاز ہے جو یقیناً یہاں کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ پنجاب کی صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں صحت انصاف کارڈز کے اجراء سے صوبہ کے لوگوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور اب صوبہ پنجاب کے ضلع راجن پور سے اس کارڈ کے اجراء کا آغاز کر رہے ہیں جس کے تحت 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک مستحق افراد کو علاج کی سہولت دستیاب ہوگی۔ ملک کے 36 اضلاع میں 72 لاکھ صحت کارڈ تقسیم کئے جائیں گے، اس طرح ساڑھے تین کروڑ سے زائد افراد جو غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں، وہ اس سے مستفید ہوں گے۔

جو غریب مزدور صحت کارڈ پر علاج کروائیں گے انہیں علاج کے دوران مزدوری سے محروم رہنے کی وجہ سے معاوضہ بھی دیا جائے گا۔ وزیراعظم کے صحت کے پروگرام کے تحت ہم آٹھ اضلاع کو ماڈل بنائیں گے جن میں سے راجن پور پہلا ضلع ہے۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں صحت کارڈز تقسیم کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ صحت کے نظام کو بھی بہتر بنا رہے ہیں تاکہ عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

راجن پور میں 200 بیڈ کا ہسپتال بھی بنایا جائے گا۔ بنیادی طبی مراکز میں ڈاکٹرز کی تعیناتی کر رہے ہیں، کوئی طبی مرکز اب ڈاکٹر سے محروم نہیں رہے گا۔ انہوں نے تقریب میں شرکت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پنجاب کے سب سے پسماندہ علاقہ کے لئے وقت نکالنے پر وہ وزیراعظم کی شکر گذار ہیں۔ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی، وزیر صحت عامر محمود کیانی، سردار نصرالله دریشک، دوست محمد، جعفر لغاری اور علاقے کے معززین و عمائدین کے علاوہ عام افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات