جیکب آباد ، یونیورسٹی کے قیام کے لیے اے پی سی کی ریلی، مختلف تنظیموں ،طلبہ اور شہریوں کی شرکت

جمعہ 22 فروری 2019 19:56

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2019ء) جیکب آباد میں یونیورسٹی کے قیام کے لیے اے پی سی کی ریلی، مختلف تنظیموں ،طلبہ اور شہریوں کی شرکت۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں آل پارٹیز کمیٹی کی جانب سے یونیورسٹی کے قیام کے لیے جاری تحریک کے پہلے مرحلے میں شہید اللہ بخش پارک سے ڈی سی چوک تک چئیرمین محمد شعبان ابڑو، ایڈوکیٹ جی ایم سومرو کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس میں نیشنل پارٹی کے مختیار بلوچ، پی ٹی آئی کے گلشیر ویسر، اقلیتی رہنما پادری شارون یوسف، سندھ ترقی پسند پارٹی کے صاحب چانڈیو، فنکشنل لیگ کے فدا لاشاری، مہران سوشل فورم کے عبدالحئی سومرو،مسلم لیگ نواز کے زاہد سولنگی، پی پی کے منصب شیخ، چیمبرس آف کامرس کے حاجی یوسف میمن ، سول سوسائٹی کے منظور جلبانی، مسلم لیگ قاف کے اظہار پٹھان، اساتذہ جاوید کلوڑ، اعجاز ابڑوسمیت طلبہ و شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، ریلی کے شرکاء نے یونیورسٹی دو کے نعرے لگاتے ہوئے شہر کے راستوں پر مارچ کیا اور ڈی سی چوک پر پہنچے جہاں رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے فروغ کے لیے جیکب آباد میں یونیورسٹی کا قیام ضروری ہے جس سے نا صرف جیکب آباد اور گردونواح بلکہ بلوچستان کے نوجوان بھی مستفید ہوسکیں گے، جیکب آباد کے لیے منظور شدہ انجینئرنگ یونیورسٹی خیرپور منتقل کی گئی جوکہ جیکب آباد کی عوام کے حق پر ڈاکہ اور ذیادتی ہے انہوں نے کہا کہ جیکب آباد میں یونیورسٹی کا قیام جلد عمل میں لایا جائے ۔