قانون کے محافظوںکو نشانہ بنانا بدترین دہشت گردی ہے ‘فیاض الحسن چوہان

صادق آباد میں قانون کے محافظوں پر فائرنگ کے ملزمان قانون سے ہرگز نہیں بچ سکیںگے‘صوبائی وزیر

جمعہ 22 فروری 2019 21:47

قانون کے محافظوںکو نشانہ بنانا بدترین دہشت گردی ہے ‘فیاض الحسن چوہان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے تھانہ صادق آباد راولپنڈی کے علاقے میں نامعلوم افراد کی طرف سے ڈیوٹی پر متعین پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے جس میں زعفران کانسٹیبل جاں بحق جبکہ دو پولیس انسپکٹرز اور ایک راہگیرزخمی ہوئے تھے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے اس افسوسناک واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ قانون کے محافظوںکو نشانہ بنانا بدترین دہشت گردی ہے جس کے ذمہ داران سزا سے ہرگز نہیں بچ سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے شہید پولیس اہلکار کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے ذمہ دار پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے والوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزادلائی جائے گی۔ فیاض الحسن چوہان نے رخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور کہاکہ پولیس فورس کی قربانیاں اور شہادتوں پر ہمیں فخر ہے جو اپنی جان پر کھیل کر شہریوں کو جان و مال کے تحفظ کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔صوبائی وزیرفیاض الحسن چوہان کے بھائی شکیل چوہان نے بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی اور ہسپتال کے ایم ایس سے ان کے علاج معالجے کے بارے میں دریافت کیا ۔