پاکستان کو جنگ کی دھمکیوں پر متحدہ عرب امارات کی بھی بھارت کو شٹ اپ کال

بھارت کی مودی سرکاری جنگ کی بجائے مذاکرات کی میز پر تمام تنازعات حل کرنے کی کوشش کرے: اماراتی وزیر خارجہ

muhammad ali محمد علی جمعہ 22 فروری 2019 22:40

پاکستان کو جنگ کی دھمکیوں پر متحدہ عرب امارات کی بھی بھارت کو شٹ اپ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 فروری2019ء) پاکستان کو جنگ کی دھمکیوں پر متحدہ عرب امارات کی بھی بھارت کو شٹ اپ کال، اماراتی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کی مودی سرکاری جنگ کی بجائے مذاکرات کی میز پر تمام تنازعات حل کرنے کی کوشش کرے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے پلوامہ حملے پر بھارت سے ٹھوس شواہد فراہم کرنے کا مطالبہ کیاہے ہم نے تحقیقات میں ہر ممکن تعاون کی بھی پیشکش کی ہے۔

 جمعہ کے روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کامتحدہ عرب امارات کا وزیر خارجہ شیخ عبداللہ سے رابطہ ہواہے جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے یو اے ای کے وزیر خارجہ کو بھارتی الزامات اور دھمکیوں کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ ہم نے بھارت سے ٹھوس شواہد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان نے تحقیقات میں ہر ممکن تعاون کی بھی پیشکش کی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے اماراتی وزیر خارجہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر کو لکھے گئے خط سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ نے مودی سرکار کو واضح الفاظ میں پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو تمام معاملات مذاکرات کی میز پر حل کرنے چاہئیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب بھی پاکستان کیخلاف جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو تحمل مزاجی کے ساتھ معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی تلقین کر چکا ہے۔