ہمیشہ شناختی کارڈ بھول جانے والے نوجوان نے اپنے بازؤں پر اس کا ٹیٹو بنوا لیا

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 22 فروری 2019 23:55

ہمیشہ شناختی کارڈ بھول جانے والے نوجوان   نے اپنے  بازؤں  پر اس کا ٹیٹو ..

ویتنام سے تعلق رکھنے والے ایک  نوجوان نے مبینہ طور پر  اپنے بازو پر اپنے شناختی کارڈ کا ٹیٹو بنوا لیا ہے۔یہ نوجوان  دوستوں کے ساتھ جب بھی نائٹ کلب جاتا تو ہمیشہ اپنا شناختی کارڈ  گھر بھول جاتا اور الکوحل کی خریداری کے لیے اپنی قانونی عمر ثابت نہ کر پاتا۔
ویتنام کے سوشل میڈیا پر ایک نوجوان کی ایسی تصاویر گردش کر رہی ہیں، جن میں بازو پر شناختی کارڈ کا ٹیٹو بنا ہوا ہے۔

تصویر پوسٹ کرنے والے شخص کا دعویٰ ہے کہ  یہ ٹیٹو اس کےدوست کے بازو پر بنا ہوا ہے، جو ہر روز نائٹ کلب جاتے ہوئے  اپنا شناختی کارڈ بھول جاتا ہے۔ نائٹ کلب سے نکالے جانے کے خدشے کے پیش نظر اس نوجوان نے اپنے بازو پر ہی شناختی کارڈ کا ٹیٹو بنوا لیا ہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے اس ٹیٹو پر منفی تبصرے ہی کیے ہیں۔

(جاری ہے)

کچھ صارفین نے  اس ٹیٹو کو اب تک کا بدترین ٹیٹو قرار دیا ہے جبکہ کچھ صارفین اسے قابل نفرت کہہ رہے ہیں۔


یہ ٹیٹو  پہلی نظر میں دیکھنے پر جعلی نظر آتا ہے لیکن اسے بنانے والے  ٹیٹو آرٹسٹ نگوین وان تھین  نے بتایا کہ وہ بھی شناختی کارڈ کا ٹیٹو بنانے کی درخواست سن کر حیران رہ گئے۔ انہوں نے پہلے تو ٹیٹو بنوانے والے سے ایک بار پھر سوچنے کا کہا۔ لیکن اصرار پر یہ ٹیٹو بنا دیا۔رپورٹ کے مطابق یہ ٹیٹو ایک گھنٹے میں مکمل ہوا تھا۔
بہت سے انٹرنیٹ صارفین نے اتنی زیادہ خراب کوالٹی کا ٹیٹو بنانے پر ٹیٹو آرٹسٹ پر بھی تنقید کی ہے۔

نگوین نے بھی اعتراف کیا کہ یہ ٹیٹو اس کا بہترین کام نہیں ہے۔ نگوین نے بتایا کہ انہوں نے یہ ٹیٹو ہاتھ سے بنایا ہے، اس لیے لائنیں سیدھی نہیں  اور لکھائی ترچھی ہے ۔
عملی طور پر دیکھا جائے تو ہاتھ پر بنا ہوا اتنی خراب کوالٹی کا ٹیٹو اصل شناختی کارڈ کا نعم البدل نہیں ہوسکتا۔ اس نوجوان سے اب بھی یقیناً شناختی کارڈ دکھا نے کا مطالبہ کیا جاتا ہوگا۔

ہمیشہ شناختی کارڈ بھول جانے والے نوجوان   نے اپنے  بازؤں  پر اس کا ٹیٹو ..

متعلقہ عنوان :