نواز شریف نے جناح ہسپتال سے انجیو گرافی کرانے سے انکار کردیا

کلبھوشن یادیو کیس میں سابق وزیراعظم کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 23 فروری 2019 10:52

نواز شریف نے جناح ہسپتال سے انجیو گرافی کرانے سے انکار کردیا
 لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 فروری۔2019ء) نواز شریف نے لاہور کے جناح ہسپتال سے انجیو گرافی کرانے سے انکار کردیا، ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریض کی آمادگی کے بغیر کوئی پروسیجر نہیں کرسکتے. اس سے قبل سابق وزیراعظم نوزشریف 8روز سے جناح ہسپتال میں زیرعلاج ہیں، ڈاکٹرز روزانہ کی بنیاد پر ان کا طبی معائنہ کررہے ہیں.

لاہور کے جناح ہسپتال کے پرنسپل آفس میں 8روز سے مسلم لیگ نون کے قائد نوازشریف کو طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں. ڈاکٹرز کی جانب سے بلڈپریشر اور شوگر روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جارہا ہے جبکہ انہیں چہل قدمی کی بھی ہدایات دی گئی ہیں مگر انجیو گرافی تاحال نہیں ہوسکی.

(جاری ہے)

نوازشریف کے ذاتی معالج نے صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف نے انجیو گرافی سے انکار نہیں کیا اگر انہیں کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت اور ڈاکٹرز ہوں گے.

نواز شریف کی عیادت کیلئے اسپیکر آزاد کشمیر شیر غلام قادر جناح ہسپتال پہنچے مگر انہیں ملاقات کی اجازت نہ دی گئی. شیر غلام قادر نے کہاکہ ملاقات کا پورا طریقہ اختیار کرکے آیا ہوں محکمہ داخلہ کو ملنے کی درخواست بھی دی. جناح ہسپتال میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، نواز شریف کے اہلخانہ کی آج بھی ہسپتال آمد متوقع ہے. دوسری جانب کلبھوشن یادیو کیس میں نواز شریف کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی.

عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن کیس میں بھارت کی جانب سے نواز شریف کا انٹرویو بطور ثبوت پیش کیے جانے کے معاملے پر سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف حلف کی پاسداری نہ کرنے پر بغاوت کی کارروائی کے لیے متفرق درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کردی گئی ہے. درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن کا مقدمہ عالمی عدالت میں زیر سماعت ہے، مقدمے میں بھارتی وکیل نے دلائل دیتے ہوئے نواز شریف کا متنازعہ انٹرویو بطور ثبوت پیش کیا، نواز شریف کے متنازعہ انٹرویو سے عالمی عدالت میں پاکستان کا مقدمہ کمزور ہوا اور پاکستان کے لیے پوری دنیا میں شرم کا باعث بنا.

درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف غداری کی کارروائی کے لیے درخواستیں پہلے ہی ہائیکورٹ میں زیر التوا ہیں، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنی زیر صدارت بند کمرے کے اجلاس کی کارروائی نواز شریف کو بتائی، نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمیٰ کے حلف کی پاسداری نہیں کی. درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کیخلاف حلف کی پاسداری نہ کرنے اور بغاوت کے الزام میں کارروائی کی جائے، عدالت مقدمے کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرے.