Live Updates

ملک میں اتھلیٹکس کی ترقی کے لئے فیڈریشن تمام وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے، چوہدری اصغرعلی گل

کوئی بھی کھیل حکومت اور سپانسر کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا،قومی ٹیم کے ہیڈکوچ کی گفتگو

ہفتہ 23 فروری 2019 11:40

ملک میں اتھلیٹکس کی ترقی کے لئے فیڈریشن تمام وسائل کو بروئے کار لا رہی ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2019ء) پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے فنانس سیکرٹری اور قومی ٹیم کے ہیڈکوچ چوہدری اصغر علی گل نے کہاہے کہ ملک میں اتھلیٹکس کی ترقی کیلئے فیڈریشن تمام وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔وہ گذشتہ روز فیصل آباد ڈویڑنل اور ڈسٹرکٹ اتھلیٹکس ایسوسی ایشنز کی جنرل کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔

اجلاس کی ڈویڑنل اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے صدر ایڈوکیٹ سردار حارث امین نے کی۔ اس موقع پر پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے نائب صدر و ڈویڑنل سیکرٹری محمد اقبال اختر، ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ایڈوکیٹ شیخ محمد وسیم، سیکرٹری ملک عثمان معاویہ کے علاوہ مختلف کلبوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔انہوں نے پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجرجنرل (ریٹائرڈ) محمد اکرم ساہی کی طرف سے ملک میں اتھلیٹکس کے کھیل کے فروغ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ ملک میں کسی بھی سطح پر اتھلیٹکس کے کھیل کا ٹیلنٹ ضائع نہ ہو اور کئی انٹرنیشنل سطح کے ایونٹس میں فیڈریشن اپنی مدد آپ کے تحت کھلاڑیوں کو شرکت کیلئے بھیجتی ہے۔

(جاری ہے)

اصغر علی گل نے کہاکہ ملک میں اتھلیٹکس کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ وسائل کی ضرور کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھیل حکومت اور سپانسر کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا اور حکومت کو پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کی خصوصی معاونت کرنی چاہئے اور وزیراعظم عمران خان خود بھی ایک کھلاڑی رہ چکے ہیں اور کھیل اور کھلاڑیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کی قیادت میں پاکستان نے 1992ء میں کرکٹ میں عالمی چمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی کی سرپرستی میں کئی انٹرنیشنل سطح پر ملک قوم کا نام روشن کرکے میڈلز حاصل کر رکھے ہیں تاہم ان کھلاڑیوں کی حکومت کو حوصلہ افزائی کرنی چاہئے تاکہ کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوں۔ اور اس کھیل کی ترقی کے لئے مزید کوشش کرکے ملک کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک دور میں ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلئے تعلیمی اداروں کا بہت بڑا اہم کردار رہا ہے اور ابھی تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کی بہت ضرورت ہے، اجلاس میں ڈویڑنل ایسوسی ایشن کے صدر ایڈوکیٹ سردار حارث امین نے بتایاکہ فیصل آباد کو پنجاب انٹر کلب چمپئن شپ کی میزبانی مل گئی ہے اور یہ چمپئن شپ آئندہ ماہ مارچ کھیلی جائے گی جس کی تاریخ کا اعلان پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے ساتھ مشاورت سے آئندہ ایک دو روز میں کیا جائیگا، پنجاب انٹر کلب چمپئن شپ کے انعقاد کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ چمپئن شپ سے قبل ایک روز آفیشلز کورس بھی منعقد کیا جائے گا، جس پنجاب بھر آفیشلز شرکت کریں گے اور کورس میں عالمی اتھلیٹکس فیڈریشن کے نئے قوانین کے بارے میں آگاہ کیا جائیگا۔

اجلاس میں قومی اتھلیٹکس کوچ چوہدری محمد یوسف کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ، اجلاس میں مختلف ممبران نے مرحوم چوہدری محمد یوسف کی اتھلیٹکس کے لئے خدمات اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ کیلئے یاد رکھا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات