مقبوضہ کشمیر، بھارتی شہروں میں کشمیریوں کی مارپیٹ کیخلاف اسلام آباد میں مظاہرے ، ہڑتال

نوجوانوں کی شہادت پر بانڈی پورہ میں بھی ہڑتال

ہفتہ 23 فروری 2019 13:54

مقبوضہ کشمیر، بھارتی شہروں میں کشمیریوں کی مارپیٹ کیخلاف اسلام آباد ..
سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2019ء) ہندئو انتہا پسندوں کی طرف سے بھارتی شہروں میں کشمیریوں کی مارپیٹ کیخلاف مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نوجوا ن اسلام آباد قصبے کے لال چوک میں جمع ہو گئے اوراحتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے بھارت کیخلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے وقاص نامی ایک کشمیری طالب علم کی تصویر بھی اٹھا رکھی تھی جسے ہند و انتہا پسندوں نے جمعہ کے روز بھارتی شہر موہالی میں مارپیٹ کانشانہ بنایا تھا۔ ضلع کے علاقوں اچھہ بل، منی کدل، مٹن چوک، کادی پورہ اور کے پی پورہ میں بھی زبردست مظاہرے کیے گئے ۔ جموں کے علاوہ اترا کھنڈ، بہار ، راجستھان ، چنڈی گڑھ ، دہلی ، مہاراشٹر ،پونے اور دیگر بھارتی علاقوں میں کشمیریوںپر حملوں کے خلاف ضلع اسلام آباد میں ہفتے کو مکمل ہڑتال کی گئی ۔دریں اثناء فوجیوں کے ہاتھوں گزشتہ روز سوپور میں دو نوجوانوں کی شہادت پر بھی ہفتہ کو بانڈی پورہ قصبے میں مکمل ہڑتال رہی ، دکانیں اور کاروباری مراکز بند ،جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی۔