احد چیمہ کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت 26فروری تک ملتوی ،تمام گواہان دوبارہ طلب

گواہان بیانات قلمبند کروانے کیلئے عدالت پہنچے ،ہائیکورٹ بار کے سالانہ انتخابات میں مصروفیت کی وجہ سے وکلاء پیش نہ ہو سکے

ہفتہ 23 فروری 2019 14:03

احد چیمہ کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت 26فروری تک ملتوی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2019ء) احتساب عدالت نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت 26فروری تک ملتوی کر تے ہوئے تمام گواہان کو دوبارہ طلب کرلیا ۔ احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے کیس کی سماعت کی۔سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ پر فرد جرم عائد کر دی گئی تھی اور عدالت نے اس کیس میں گواہان کو طلب کر رکھا تھا۔

گزشتہ روز عدالت میں گواہان اپنے بیانات قلمبند کروانے کے لئے پہنچے تاہم لاہور ہائیکورٹ بار کے سالانہ انتخابات میں مصروفیت کی وجہ سے وکلاء پیش نہ ہو سکے۔عدالت نے کیس کی سماعت 26 فروری تک ملتوی کرتے ہوئے تمام گواہان کو آئندہ سماعت پر دوبارہ طلب کر لیا ۔نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ کے مطابق احد چیمہ نے اندرون و بیرون ملک اربوں روپے کے ناجائز اثاثہ بنائے،احد چیمہ کے اثاثہ جات کی مارکیٹ اربوں روپے کے قریب ہے، احد چیمہ نے فیملی ممبران کے نام بے نامی جائیدادیں بنائیں، احد چیمہ کے اثاثہ جات کی مارکیٹ ویلیو600 ملین کے قریب ہے۔

(جاری ہے)

نیب پراسیکیوٹر کے مطابق احد چیمہ نے فیملی ممبران کے نام بے نامی جائیدادیں بنائیں ،احد چیمہ نے اہلیہ صائمہ احد، والدہ نصرت افزا، بھائی احمد سعود اور بہن سعدیہ منصور کے نام جائیدادیں بنائیں۔