پولیس اہلکار کو گاڑی تلے روندنے کے واقعہ میں ملوث تمام ملزمان گاڑی سمیت گرفتار، مقدمہ درج

ہفتہ 23 فروری 2019 14:03

پولیس اہلکار کو گاڑی تلے روندنے کے واقعہ میں ملوث تمام ملزمان گاڑی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2019ء) ملتان چونگی ڈیوٹی پر مامورپولیس اہلکار رفاقت کو دوران ڈیوٹی دھمکیاں دینے اور گاڑی تلے روندنے کے واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو گاڑی سمیت حراست میں لیکر مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق پولیس اہلکار رفاقت نے گزشتہ رات ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی پر کارسواروں کو روکا تھا،کارسوار وں نے پہلے پولیس اہلکار کو دھمکیاں دیں، پھر گاڑی بھگا کر اہلکار کو نیچے روند ڈالاتھا۔

جمیل پارک ملتان روڈ لاہور کا رہائشی کار ڈرائیور شعیب عرف شعیبی کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ گرفتار دیگر ملزمان میں پولیس اہلکار کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے والا منصورہ کا رہائشی اسد علی اورطلحہ لیاقت شامل ہیں ،ملزمان کو ساندہ کے علاقہ سے حراست میں لیا گیا،ملزمان کے خلاف تھانہ گلشن اقبال میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ایس ایچ او ساندہ انسپکٹر قمر عباس ، ایس ایچ او مسلم ٹائون انسپکٹر شرجیل ضیا،سب انسپکٹرز غلام باری اور یاسر بشیر اور اے ایس آئی رضوان نبی اور دیگر پولیس اہلکاروں نے ملزمان کو ٹریس کر کے قانون کی گرفت میں لیا۔

ایس پی اقبال ٹان زبیرنذیر نے ملزمان کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کو تعریفی سرٹیفکیٹس اور انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔