عالمی عدالت میں نواز شریف کا پاکستان مخالف بیان چلنا مستقبل میں مریم نواز کے لیے خطرناک ثابت ہو گا

سابق وزیراعظم نواز شریف کا بیان عالمی عدالت میں بطور ثبوت پاکستان کے خلاف پیش کیا گیا اس سے نواز شریف کی ذات کو تو شاید فرق نہ پڑے لیکن ریم نواز کی سیاست پر اس بیان کا کافی اثر پڑے گا۔ تجزیہ نگار خاور گھمن

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 23 فروری 2019 14:18

عالمی عدالت میں نواز شریف کا پاکستان مخالف بیان چلنا مستقبل میں مریم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 فروری 2019ء) : بھارتی وکیل نے کلبھوشن یادیو کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا ایک بیان بطور دلیل پیش کیا جس میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ممبئی حملوں میں پاکستان کے ہونے کا اعتراف کیا ہے۔اسی پر تصرہ کرتے ہوئے تجزیہ نگار خاور گھمن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا بیان عالمی عدالت میں بطور ثبوت پاکستان کے خلاف پیش کیا گیا۔

اس کے اثرات تو نظر آئیں گے اور جہاں تک پاکستان کی بات ہے تو ہمارے ملک میں مریم نواز کی سیاست پر اس بیان کا کافی اثر پڑے گا۔خاور گھمن کا کہنا تھا کہ اس تمام صورتحال سے نواز شریف کی ذات کو تو کیا اثر ہونا ہے وہ تین بار وزیراعظم بنے اور اس سے پہلے وزیراعلیٰ بھی رہے۔مجھے اس بیان کے اثرات مریم نواز کی سیاسی زندگی پر اثر انداز ہوتے نظرآ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کیونکہ جب عالمی سطح پر عدالت میں اس طرح کا بیان پیش کیا جائے گا تو کسی نہ کسی سطح پر اس کے اثرات رہیں گے لیکن دیکھتے ہیں کہ مسلم لیگ ن اس تمام صورتحال سے کیسے نکلتی ہے۔واضح رہے عالمی عدالت انصاف میں پاکستان میں پکڑے جانے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تو عالمی عدالت میں بھارت کے وکیل نے پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیان ''پاکستان میں متحرک عسکریت پسند تنظیمیں ممبئی میں بھارتیوں کی ہلاکت کی ذمہ دارہیں'' کو پاکستان کے خلاف ثبوت کے طور پر پیش کر دیا۔

بھارتی وکیل نے کہا کہ پاکستان نے بڑے دہشتگرد حملوں میں ملوث دہشتگردوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی نہ ہی ان کا کوئی ٹرائل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قومی اخبار ڈان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا ایک انٹرویو کیا جس میں انہوں نے ممبئی حملوں میں پاکستان میں موجود تنظیموں کے ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا۔سوشل میڈیا پر بھارتی وکیل کی جانب سے نواز شریف کے بیان کو عالمی عدالت میں ثبوت کے طور پر پیش کرنے اور بھارتی وکیل کے بیان کی ویڈیو پر سابق وزیراعظم نواز شریف کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا ۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے ممبئی حملوں میں پاکستان کے ملوث ہونے سے متعلق تردید کی بجائے ایسا بیان دیا جو آج عالمی عدالت میں بطور ثبوت پیش کر دیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے اس ایک بیان کی وجہ سے کلبھوشن یادیو کیس میں پاکستان کی یقینی جیت پر بھی شکوک پیدا ہو گئے ہیں، اگر پاکستان کلبھوشن یادیو کیس ہار گیا تو اس ضمن میں تمام تر ذمہ داری نواز شریف پر عائد ہو گی۔