ریاض: کم پٹرول پر ٹریفک چالان کا ڈراما رچانے والے کی حقیقت سامنے آ گئی

محکمہ ٹریفک کے مطابق گاڑی میں پیٹرول کم ہونے پر قطعاً کوئی جرمانہ نہیں ہوتا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 23 فروری 2019 15:14

ریاض: کم پٹرول پر ٹریفک چالان کا ڈراما رچانے والے کی حقیقت سامنے آ گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23فروری 2019ء ) گزشتہ دِنوں سوشل میڈیا پر ایک سعودی کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ یہ دُہائی دیتا پھر رہا تھا کہ اُس کی گاڑی کے فیول ٹینک میں پیٹرول ایک چوتھائی سے کم ہونے کی وجہ سے اُس کا چالان کر دیا گیا۔ اس بات کو سچ ثابت کرنے کے لیے اُس کی جانب سے ٹریفک چالان کی ایک سلپ بھی دکھائی گئی تھی۔ اس شخص کا کہنا تھا کہ اگر آپ کے فیول ٹینک میں پیٹرول ایک چوتھائی سے کم ہے تو یہ ٹریفک خلاف ورزی میں شمار ہو گا اور اس پر جرمانہ عائد کیا جائے گا جیسا کہ اُس کا بھی ہوا ہے۔

تاہم سعودی محکمہ ٹریفک کی جانب سے وضاحت سامنے آ گئی ہے جس کے مطابق فیول ٹینک میں پٹرول کی مقدار ایک تہائی سے کم ہونے پر قطعاً ٹریفک چالان نہیں ہوتا۔ سوشل میڈیا پر شہری کی جانب سے دکھائی جانے والی سلپ جعلی ہے۔

(جاری ہے)

اس شخص کو پتا چلا لیا گیا ہے اور اس کا ریکارڈ بھی چیک کیا گیا ہے جس سے اس بات کا پتا چلا ہے کہ اس شخص کا فیول ٹینک میں پٹرول کم ہونے پر قطعاً کوئی چالان نہیں کیا گیا۔

یہ شخص دھوکا دہی سے کام لے رہا ہے۔ یہاں آپ کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ محکمہ ٹریفک کی جانب تمام ٹریفک اہلکاروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی گاڑی کا چالان کرنے سے قبل اُسے روکیں، پھر اُس کی مختلف زاویوں سے 3 تصاویر بنائیں تاکہ خلاف ورزی کے واقع نہ ہونے کے حوالے سے کوئی شک شْبہ باقی نہ رہے۔تحریری طور پر جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک اہلکار چالان کرتے وقت گاڑی کے کاغذات کی فوٹو کاپی ضرور وصول کریں۔

اس کے بغیر ٹریفک خلاف ورزی کا دعویٰ قابلِ قبول تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ اگر کوئی ٹریفک اہلکار دیکھے کہ کسی گاڑی کے شیشوں پر کالا سٹیکر لگایا گیا ہے، یا گاڑی غلط انداز سے پارک ہوئی ہے، یا معذوروں کے لیے مختص پارکنگ میں کھڑی کی گئی ہے ، جبکہ گاڑی کا مالک بھی وہاں موجود نہ ہو ایسی صورت میں گاڑی کی تین مختلف زاویوں سے تصاویر لے کر اس کا چالان کیا جائے۔

ٹریفک اہلکار کو یہ اختیار ہے کہ وہ خلاف ورزی کی مرتکب کسی گاڑی کو روکے بغیر بھی اْس کی تصاویر کھینچ کر نیشنل انفارمیشن سنٹر بھیج سکتا ہے جہاں سے گاڑی کے مالک کو چند منٹ کے اندر ٹریفک خلاف ورزی سے متعلق ٹیکسٹ میسج وصول ہو جائے گا۔ محکمہ ٹریفک کے مطابق باشر سسٹم کے ذریعے ریکارڈ کی جانے والی خلاف ورزیوں کے بارے میں لوگوں نے اعتراضات اور شکایات کی بھرمار کر دی تھی۔ جس کے باعث ٹریفک اہلکاروں کو تازہ ہدایات جاری کی گئی ہیں۔